سری لنکن انڈر 17 مینز کرکٹ ٹیم ملتان پہنچ گئی

سری لنکن انڈر 17 مینزکرکٹ ٹیم پاکستان انڈر 17 ٹیم کے خلاف سیریز میں شرکت کے لیے ملتان پہنچ گئی،مہمان ٹیم اپنے دورہ پاکستان کے دوران پاکستان انڈر 17 کے خلاف ایک تین روزہ میچ اور پانچ ون ڈے میچز کھیلے گی

ملتان۔ 05 اکتوبر (اے پی پی):سری لنکن انڈر 17 مینزکرکٹ ٹیم پاکستان انڈر 17 ٹیم کے خلاف سیریز میں شرکت کے لیے ملتان پہنچ گئی،مہمان ٹیم اپنے دورہ پاکستان کے دوران پاکستان انڈر 17 کے خلاف ایک تین روزہ میچ اور پانچ ون ڈے میچز کھیلے گی۔تفصیلات کے مطابق سری لنکن انڈر 17 ٹیم کی پیر کے روز یہاں ملتان انٹرنیشنل ایئرپورٹ آمد پر متعلقہ حکام اور کرکٹ منتظمین کی جانب سے شانداراستقبال کیا گیا۔ دونوں ٹیموں کے درمیان سیریز کے تمام میچز ملتان کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے جائیں گے، جس کے باعث شہر میں نوجوان کرکٹرز کے درمیان بین الاقوامی سطح کی مسابقتی سرگرمیوں کا انعقاد ہوگا۔شیڈول کے مطابق سیریز کا آغاز نو اکتوبر سے ہوگا جبکہ آخری میچ 24 اکتوبر کو کھیلا جائے گا۔ تین روزہ میچ کے بعد دونوں ٹیمیں پانچ ون ڈے میچزمیں ایک دوسرے کے مدمقابل ہوں گی۔کرکٹ حلقوں کے مطابق سیریز نوجوان کھلاڑیوں کے لیے اپنی صلاحیتوں کے اظہار اور بین الاقوامی تجربہ حاصل کرنے کا اہم موقع ہے۔ ملتان کرکٹ اسٹیڈیم میں پاکستان اورسری لنکا کے نوجوان کھلاڑیوں کے درمیان مقابلوں سے شائقین کرکٹ کو بھی معیاری اوردلچسپ کرکٹ دیکھنے کوملے گی۔سری لنکا انڈر 17 ٹیم کی ملتان آمد سے شہر میں کرکٹ سرگرمیوں کومزید فروغ ملے گا جبکہ سیریز کے دوران مقامی شائقین کومستقبل کےابھرتےہوئے کرکٹرزکو ایکشن میں دیکھنے کا موقع بھی حاصل ہوگا۔

مزید خبریں