امیر الدین میڈیکل کالج میں سٹوڈنٹ اینڈ سپورٹس ویک کا افتتاح

پرنسپل امیر الدین میڈیکل کالج پروفیسر ڈاکٹر جودت سلیم نے کہا کہ سپورٹس صرف کھیل نہیں بلکہ جسمانی و ذہنی تندرستی اور زندگی میں نظم و ضبط کی بنیاد ہیں وہ پی جی ایم آئی اور اے ایم سی میں سٹوڈنٹ اینڈ سپورٹس ویک کی افتتاحی تقریب سے خطاب کر رہے تھے جبکہ تقریب میں کالج انتظامیہ، اساتذہ اور طلبہ و طالبات کی کثیر تعداد نے شرکت کی

لاہور۔5اکتوبر (اے پی پی):پرنسپل امیر الدین میڈیکل کالج پروفیسر ڈاکٹر جودت سلیم نے کہا کہ سپورٹس صرف کھیل نہیں بلکہ جسمانی و ذہنی تندرستی اور زندگی میں نظم و ضبط کی بنیاد ہیں وہ پی جی ایم آئی اور اے ایم سی میں سٹوڈنٹ اینڈ سپورٹس ویک کی افتتاحی تقریب سے خطاب کر رہے تھے جبکہ تقریب میں کالج انتظامیہ، اساتذہ اور طلبہ و طالبات کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ تقریب میں پروفیسر محمد شاہد، پروفیسر عباد الرحمن، پروفیسر آمنہ احسن چیمہ سمیت متعدد سینئر فیکلٹی ممبران نے خصوصی شرکت کی اور طلبہ کی صلاحیتوں، جوش و جذبے اور نظم و ضبط کو بھرپور سراہا۔ ڈاکٹر جودت سلیم نے مزید کہا کہ میڈیکل کی تعلیم کے ساتھ ساتھ طلبہ کے لیے غیر نصابی سرگرمیاں انتہائی ضروری ہیں اور سٹوڈنٹ ویک کے انعقاد کا مقصد طلبہ میں صحت مند سرگرمیوں، باہمی یگانگت اور کھیلوں کے مثبت رجحان کو فروغ دینا ہے تاکہ طلبہ و طالبات میدان میں اتر کر اپنی بے پناہ صلاحیتوں کا مظاہرہ کریں۔

انہوں نے بتایا کہ اسدوران کرکٹ، فٹ بال، بیڈمنٹن، ٹیبل ٹینس اور ایتھلیٹکس سمیت متعدد مقابلے کھیلے جائیں گے جو نہ صرف طلبہ کی جسمانی صلاحیتوں کو نکھاریں گے بلکہ ان میں ٹیم اسپرٹ، مقابلے کی روح اور باہمی تعاون کا جذبہ بھی پروان چڑھائیں گے۔ تقریب کے اختتام پر پرنسپل اور فیکلٹی ممبران نے تمام سٹوڈنٹس سوسائٹیز اور آرگنائزنگ کمیٹی کی کاوشوں، محنت اور بہترین انتظامات کی تعریف کی یہ فیسٹیول پورا ہفتہ جاری رہے گا جس کے اختتام پر بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے کھلاڑیوں اور شرکا میں ٹرافیاں اور اسناد تقسیم کی جائیں گی پروفیسر محمد شاہد کا کہنا تھاکہ اس سالانہ سٹوڈنٹ اینڈ سپورٹس ویک کا انعقاد امیر الدین میڈیکل کالج کی اس روشن روایت کا تسلسل ہے جس میں تعلیمی کامیابیوں کے ساتھ ساتھ طلبہ کی جسمانی صحت، ذہنی تندرستی اور شخصیت سازی کو یکساں اہمیت دی جاتی ہے اور یہ موقع طلبہ کو مقابلے کی روح اور نظم و ضبط کے اعلی اقدار سے روشناس کرائے گا جو مستقبل کے کامیاب طبی ماہرین کی تیاری میں اہم کردار ادا کریں گے۔