ٹاول انڈسٹری نے سالانہ 2 ارب ڈالر کی برآمدات کے ذریعے عالمی سطح پر اپنی شناخت قائم کی ہے، گورنر سندھ

گورنر سندھ سید محمد نہال ہاشمی نے کہا ہے کہ پاکستان کی ٹاول انڈسٹری سالانہ تقریباً 2 ارب ڈالر کی برآمدات کے ذریعے عالمی سطح پر اپنی نمایاں شناخت قائم کرچکی ہے جبکہ معیار، جدید ٹیکنالوجی اور مسابقتی صلاحیت میں مزید بہتری سے اس شعبے کی برآمدات میں خاطر خواہ اضافہ کیا جاسکتا ہے۔

کراچی۔ 05 اکتوبر (اے پی پی):گورنر سندھ سید محمد نہال ہاشمی نے کہا ہے کہ پاکستان کی ٹاول انڈسٹری سالانہ تقریباً 2 ارب ڈالر کی برآمدات کے ذریعے عالمی سطح پر اپنی نمایاں شناخت قائم کرچکی ہے جبکہ معیار، جدید ٹیکنالوجی اور مسابقتی صلاحیت میں مزید بہتری سے اس شعبے کی برآمدات میں خاطر خواہ اضافہ کیا جاسکتا ہے۔پیر کو گورنر ہائوس سے جاری اعلامیہ کے مطابق ان خیالات کا اظہار انہوں نے ٹاول مینوفیکچررز ایسوسی ایشن آف پاکستان (ٹی ایم اے)کے عشائیے سے بطور مہمانِ خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہا کہ ٹاول روزمرہ زندگی کی بنیادی ضرورت ہے، جو گھر گھر استعمال ہونے کے ساتھ کھلاڑیوں، مزدوروں اور معاشرے کے ہر طبقے کی ضرورت پوری کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ٹاول مینوفیکچررز ایسوسی ایشن صنعت کے فروغ، برآمدات میں اضافے اور پاکستان کی عالمی تجارتی حیثیت مزید مستحکم کرنے میں اہم کردار ادا کرسکتی ہے۔ سید محمد نہال ہاشمی نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف نے مجھے آپ لوگوں کی ہر ممکن خدمت کے لیے یہاں نمائندہ بنا کر بھیجا ہے، حکومت اور کاروباری برادری کے درمیان مضبوط اور موثر رابطہ ملکی معاشی ترقی کے لیے ناگزیر ہے۔

انہوں نے یقین دلایا کہ کاروباری اور صنعتی برادری کے مسائل کے حل اور صنعت و تجارت کے فروغ کیلئے ہر ممکن تعائون فراہم کیا جائے گا۔انہوںنے کہا کہ صنعت کار اور تاجر برادری سرمایہ کاری، روزگار کے مواقع پیدا کرنے اور ملکی برآمدات بڑھانے میں کلیدی کردار ادا کررہی ہے، جسے مزید سہولت اور سازگار کاروباری ماحول فراہم کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ اس موقع پر گورنر سندھ نے صنعت و تجارت کے فروغ میں خدمات کے اعتراف میں ٹاول مینوفیکچررز ایسوسی ایشن آف پاکستان کے نومنتخب چیئرمین ریحان چاولا کو گولڈ میڈل سے نوازا۔