وائلڈ لائف رینجرز کی کارروائیاں، مرغابی، فالکن، بٹیر اور جنگلی خرگوش کے غیرقانونی شکار میں ملوث 13 شکاری گرفتار

وائلڈ لائف رینجرز نے مختلف کارروائیاں کرتے ہوئے مرغابی، فالکن، بٹیر اور جنگلی خرگوش کے غیرقانونی شکار میں ملوث 13 شکاریوں کو گرفتار کرلیا،7 نیٹنگ گیئرز اور معاون شکاری پرندے برآمد ہوئے جبکہ 11 ملزمان کو مجموعی طور پر سوا تین لاکھ روپے جرمانہ عائد کیا گیا اور 2 ملزمان کے خلاف مقدمات درج کر لیے گئے

لاہور۔6اکتوبر (اے پی پی):وائلڈ لائف رینجرز نے مختلف کارروائیاں کرتے ہوئے مرغابی، فالکن، بٹیر اور جنگلی خرگوش کے غیرقانونی شکار میں ملوث 13 شکاریوں کو گرفتار کرلیا،7 نیٹنگ گیئرز اور معاون شکاری پرندے برآمد ہوئے جبکہ 11 ملزمان کو مجموعی طور پر سوا تین لاکھ روپے جرمانہ عائد کیا گیا اور 2 ملزمان کے خلاف مقدمات درج کر لیے گئے۔ترجمان محکمہ وائلڈلائف کے مطابق اسسٹنٹ چیف وائلڈلائف رینجر چکوال مرزا عابد حسین نے بٹیر کی غیرقانونی نیٹنگ میں ملوث 5ملزمان کو گرفتار کرکے ان سے ایک نیٹنگ گیئرضبط کرلیا اور انہیں ایک لاکھ 15ہزار روپے جرمانہ عائد کیا جبکہ ایک اور کامیاب کارروائی کے دوران وائلڈلائف رینجر ز چکوال نے بندوق کے ساتھ جنگلی خرگوش کے غیرقانونی شکار میں مصروف 3شکاریوں کو رنگے ہاتھوں گرفتار کرکے مبلغ ایک لاکھ 10ہزارروپے جرمانہ عائد کیا۔ اسسٹنٹ چیف وائلڈلائف رینجر جھنگ محمد سلیم سرگانہ نے اپنی ٹیم کے ہمراہ فالکن کی غیرقانونی نیٹنگ میں ملوث ایک ملزم کو موقع پر گرفتار کرکے اس سے ایک نیٹنگ گیئراور معاون شکاری پرندے برآمد کرکے ملزم کو 50ہزار جرمانہ عائد کیا اور بازیاب جنگلی پرندے آزاد کردئیے۔

اسسٹنٹ چیف وائلڈلائف رینجر ضلع اوکاڑہ سرفراز حسین نے وائلڈلائف رینجر ز اوکاڑہ کے ہمراہ ایک کامیاب چھاپے کے دوران فالکن کے غیرقانونی شکار میں مصروف 2شکاریوں کو گرفتار کرکے ان سے 2نیٹنگ گیئرز ضبط کرکے ان کے خلاف مقامی تھانہ میں ایف آئی آر درج کرادی جبکہ بٹیر کی غیرقانونی نیٹنگ پر ایک ملزم کو گرفتار کرکے اس سے نیٹنگ گیئرضبط کرلیا اور 30ہزار روپے جرمانہ عائد کیا۔اسسٹنٹ چیف وائلڈلائف رینجر راجن پورصائمہ محسن نے اپنی ٹیم کے ہمراہ مرغابی کے ایک غیرقانونی شکاری کو گرفتار کرکے 20ہزار روپے جرمانہ کیا اور بٹیر کا ایک نیٹنگ گیئرضبط کرکے قانونی چارہ جوئی شروع کردی۔ڈپٹی چیف وائلڈلائف رینجر ملتان ریجن رائے زاہد علی کی سربراہی میں وائلڈلائف رینجرز خانیوال نے ایک بٹیر نیٹنگ گیئر ضبط کرکے قانونی کارروائی کا آغاز کردیا جبکہ وہاڑی میں ایک گزشتہ کیس کمپائونڈ کرکے ملزم کو 35ہزار جرمانہ عائد کیا۔