سپیکر گلگت بلتستان اسمبلی عمران ندیم کی یورپی یونین کے نمائندوں سے ملاقات، پائیدار ترقی و موسمیاتی تعاون پر تبادلہ خیال

سپیکر گلگت بلتستان اسمبلی عمران ندیم نے پاکستان میں یورپی یونین کے وفد کے فرسٹ کونسلر اور ہیڈ آف کوآپریشن جیرون ولیمز اور انرجی و کلائمیٹ چینج کے ڈویلپمنٹ ایڈوائزر الیجاندرو ماتوس سے ملاقات کی

گلگت۔ 06 اکتوبر (اے پی پی):سپیکر گلگت بلتستان اسمبلی عمران ندیم نے پاکستان میں یورپی یونین کے وفد کے فرسٹ کونسلر اور ہیڈ آف کوآپریشن جیرون ولیمز اور انرجی و کلائمیٹ چینج کے ڈویلپمنٹ ایڈوائزر الیجاندرو ماتوس سے ملاقات کی۔ملاقات میں گلگت بلتستان میں یورپی یونین کے تعاون سے جاری ترقیاتی منصوبوں، خطے کی پائیدار ترقی، موسمیاتی تبدیلی کے اثرات سے نمٹنے، ماحولیاتی تحفظ اور عوامی فلاح و بہبود سے متعلق امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔اس موقع پر سپیکر عمران ندیم نے گلگت بلتستان کی جغرافیائی اور ماحولیاتی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ خطے میں پائیدار ترقی اور موسمیاتی تبدیلی کے چیلنجز سے نمٹنے کے لیے عالمی ترقیاتی شراکت داروں کا تعاون نہایت اہم ہے۔

انہوں نے گلگت بلتستان کے عوام کی فلاح و بہبود اور ترقی کے لیے یورپی یونین کی مسلسل معاونت کو سراہا۔سپیکر نے اس امید کا اظہار کیا کہ یورپی یونین مستقبل میں بھی گلگت بلتستان میں ترقیاتی، ماحولیاتی اور موسمیاتی منصوبوں کے لیے تعاون جاری رکھے گی اور خطے کی پائیدار و جامع ترقی کے لیے مزید مواقع پیدا ہوں گے۔یورپی یونین کے نمائندوں نے گلگت بلتستان کے ساتھ تعاون کو مزید مضبوط بنانے میں دلچسپی کا اظہار کیا اور باہمی دلچسپی کے شعبوں میں مستقبل میں تعاون کے نئے امکانات تلاش کرنے پر اتفاق کیا۔

ملاقات میں دونوں جانب سے پائیدار ترقی، موسمیاتی لچک، ماحولیاتی تحفظ اور عوامی فلاح و بہبود کے مشترکہ اہداف کے حصول کے لیے تعاون کو مزید فروغ دینے کے عزم کا اظہار کیا گیا۔