ساؤتھ ڈکوٹا اسٹیٹ یونیورسٹی، بروکنگز، امریکا کے ڈاکٹر ڈینیئل سعود نے پیر مہر علی شاہ بارانی زرعی یونیورسٹی راولپنڈی کا دورہ کیا اور وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر قمرالزمان سے ملاقات کی
امریکی یونیورسٹی کے ڈاکٹر ڈینیئل سعود کا بارانی زرعی یونیورسٹی کا دورہ ،تعلیمی و تحقیقی تعاون پر تبادلہ خیال
راولپنڈی۔6اکتوبر (اے پی پی):ساؤتھ ڈکوٹا اسٹیٹ یونیورسٹی، بروکنگز، امریکا کے ڈاکٹر ڈینیئل سعود نے پیر مہر علی شاہ بارانی زرعی یونیورسٹی راولپنڈی کا دورہ کیا اور وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر قمرالزمان سے ملاقات کی۔ ملاقات میں دونوں جامعات کے درمیان تعلیمی و تحقیقی تعاون کو مزید فروغ دینے کے امکانات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر قمرالزمان نے یونیورسٹی کے مختلف تعلیمی پروگرامز، تحقیقی صلاحیتوں اور بین الاقوامی روابط پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے زراعت اور ماحولیات کو درپیش چیلنجز کے حل کے لئے جدت اور ٹیکنالوجی پر مبنی تحقیق کو یونیورسٹی کی اہم ترجیحات قرار دیا۔ملاقات کے دوران زرعی علوم، جیو سپیشل ٹیکنالوجیز، ریموٹ سینسنگ، موسمیاتی تبدیلی سے ہم آہنگ زراعت، مشترکہ تحقیقی منصوبوں، طلبہ و اساتذہ کے تبادلے اور استعدادِ کار میں اضافے کے شعبوں میں ممکنہ تعاون پر بھی غور کیا گیا۔ڈاکٹر ڈینیئل سعود نے یونیورسٹی کی مختلف تحقیقی سہولیات کا بھی دورہ کیا اور اساتذہ و محققین سے ملاقات کی۔
انہیں جاری تحقیقی منصوبوں اور زراعت، غذائی تحفظ، موسمیاتی تبدیلیوں اور پائیدار وسائل کے انتظام کے لئے استعمال ہونے والی جدید ٹیکنالوجیز سے آگاہ کیا گیا۔ڈاکٹر ڈینیئل سعود نے یونیورسٹی کی تحقیقی و اختراعی سرگرمیوں کو سراہتے ہوئے باہمی مفاد پر مبنی ادارہ جاتی روابط کے فروغ میں دلچسپی کا اظہار کیا۔ دونوں جانب سے اس امر پر زور دیا گیا کہ بین الاقوامی تعلیمی شراکت داری مشترکہ تحقیق، علم کے تبادلے اور طلبہ و محققین کے لیے نئے مواقع پیدا کرنے میں اہم کردار ادا کرتی ہے۔اس موقع پر یونیورسٹی انتظامیہ نے بین الاقوامی روابط کو مزید مستحکم کرنے اور طلبہ و محققین کے لئے عالمی سطح پر نئے مواقع پیدا کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔








