بلوچستان میں ہنگامی حالات کے دوران صنفی تشدد سے تحفظ کا فریم ورک جاری

صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) بلوچستان کے زیر اہتمام ہنگامی حالات میں صنفی بنیاد پر تشدد سے تحفظ کے لیے بلوچستان فریم ورک کے اجراء کی تقریب منعقد ہوئی، جس میں قدرتی آفات اور بحرانی صورتحال کے دوران خواتین، لڑکیوں اور دیگر کمزور طبقات کے تحفظ کے لیے مربوط حکمت عملی اور مؤثر نظام کی ضرورت پر زور دیا گیا۔

کوئٹہ۔ 06 اکتوبر (اے پی پی):صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) بلوچستان کے زیر اہتمام ہنگامی حالات میں صنفی بنیاد پر تشدد سے تحفظ کے لیے بلوچستان فریم ورک کے اجراء کی تقریب منعقد ہوئی، جس میں قدرتی آفات اور بحرانی صورتحال کے دوران خواتین، لڑکیوں اور دیگر کمزور طبقات کے تحفظ کے لیے مربوط حکمت عملی اور مؤثر نظام کی ضرورت پر زور دیا گیا۔

تقریب پی ڈی ایم اے بلوچستان کے کانفرنس ہال کوئٹہ میں منعقد ہوئی، جس کی صدارت ڈائریکٹر پی ڈی ایم اے بلوچستان نوید احمد شیخ نے کی جبکہ پروگرام میں متعلقہ سرکاری اداروں، اقوام متحدہ کے ادارے یو این ایف پی اے، آسٹریلین ایڈ اور دیگر شراکت دار اداروں کے نمائندگان اور ماہرین نے شرکت کی۔تقریب کا بنیادی مقصد قدرتی آفات، ہنگامی صورتحال اور دیگر بحرانی حالات کے دوران خواتین اور لڑکیوں سمیت متاثرہ افراد کو صنفی بنیاد پر تشدد سے تحفظ فراہم کرنے کے لیے مؤثر نظام اور مربوط حکمتِ عملی وضع کرنا تھا۔

تقریب میں اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ بلوچستان میں ہنگامی حالات سے نمٹنے کے ساتھ ساتھ متاثرہ آبادی کے تحفظ، بالخصوص خواتین اور کمزور طبقات کے حقوق اور سلامتی کو بھی یقینی بنایا جائے گا۔اس موقع پر مقررین نے کہا کہ آفات اور ہنگامی حالات میں خواتین اور دیگر کمزور طبقات کو درپیش خطرات میں اضافہ ہو جاتا ہے، اس لیے پیشگی تیاری، بروقت تحفظ، اداروں کے درمیان رابطے اور مؤثر امدادی نظام ناگزیر ہیں۔