چیئرمین پنجاب پبلک سروس کمیشن لیفٹیننٹ جنرل محمد عبدالعزیز،ہلالِ امتیاز(ملٹری)(ر) نے ملتان میں ریجنل آفس و فسیلی ٹیشن سینٹر کا سنگ بنیاد رکھ دیا۔
ملتان،پنجاب پبلک سروس کمیشن کے ریجنل آفس و فسیلی ٹیشن سینٹر کا سنگ بنیاد رکھ دیا گیا

مزید خبریں
ملتان۔ 07 اکتوبر (اے پی پی):چیئرمین پنجاب پبلک سروس کمیشن لیفٹیننٹ جنرل محمد عبدالعزیز،ہلالِ امتیاز(ملٹری)(ر) نے ملتان میں ریجنل آفس و فسیلی ٹیشن سینٹر کا سنگ بنیاد رکھ دیا۔
اس موقع پر کمشنر ملتان ڈویژن عامر کریم خان، ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر فیصل سلیم، ممبر پنجاب پبلک سروس کمیشن ڈاکٹر ارشاد احمد اور دیگر متعلقہ افسران موجود تھے۔اس موقع پر بتایا گیا ہےکہ ریجنل آفس و فسیلی ٹیشن سینٹر 9 کنال ایک مرلہ رقبے پر تعمیر کیا جائے گا جبکہ منصوبے کا مجموعی رقبہ 112,688 مربع فٹ مقرر کیا گیا ہے۔ مستقبل میں توسیع کی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے 40,710 مربع فٹ رقبہ بھی مختص کیا گیا ہے۔ منصوبے کی منظور شدہ لاگت 964.983 ملین روپے ہے اور اسے مارچ 2028 تک مکمل کرنے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔منصوبے کے تحت جدید سہولیات سے آراستہ ریجنل آفس تعمیر ہوگا جس میں چیئرمین اور ممبران کے دفاتر، افسران کے دفاتر، امتحانی ہال، کانفرنس ہال اور دیگر ضروری سہولیات شامل ہوں گی۔
عمارت میں2لفٹس، فائر فائٹنگ سسٹم، سی سی ٹی وی کیمرے، جدید نیٹ ورکنگ اور سکیورٹی سسٹم بھی نصب کیا جائے گا۔اس موقع پر بتایا گیا کہ پنجاب پبلک سروس کمیشن ریجنل آفس کی تعمیر کے لیے سائٹ 3 اکتوبر کو کنٹریکٹر کے حوالے کردی گئی تھی، جس کے بعد تعمیراتی منصوبے پر کنٹریکٹر کی جانب سے موبلائزیشن کا عمل شروع کردیا گیا ہے۔ منصوبے کی تکمیل سے جنوبی پنجاب کے امیدواروں کو پنجاب پبلک سروس کمیشن کی سہولیات اور خدمات تک بہتر رسائی حاصل ہوگی جبکہ امتحانات اور دیگر متعلقہ امور کے لیے انہیں سہولت میسر آئے گی۔








