راولپنڈی ڈویژن میں کالج طلبہ کے کھیلوں کے فروغ کیلئے جامع اقدامات، ٹیلنٹ کو ضلعی سے صوبائی سطح تک مواقع فراہم کیے جا رہے ہیں،آصفہ ناہید
راولپنڈی ڈویژن میں کالج طلبہ کے کھیلوں کے فروغ کیلئے جامع اقدامات، ٹیلنٹ کو ضلعی سے صوبائی سطح تک مواقع فراہم کیے جا رہے ہیں،آصفہ ناہید

مزید خبریں
راولپنڈی۔7اکتوبر (اے پی پی):ڈویژنل فوکل پرسن سپورٹس راولپنڈی ڈویژن آصفہ ناہید نے کہا ہے کہ محکمہ ہائر ایجوکیشن پنجاب، ڈی پی آئی کالجز سپورٹس ونگ اور ڈائریکٹوریٹ آف کالجز کی جانب سے راولپنڈی ڈویژن کے کالجز میں کھیلوں کے فروغ پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے، طلبہ و طالبات کو کھیلوں کی طرف راغب کرنے، ان کی صلاحیتوں کو نکھارنے اور باصلاحیت کھلاڑیوں کو ضلعی، ڈویژنل اور صوبائی سطح پر نمائندگی کے مواقع فراہم کرنے کیلئے مختلف کھیلوں کے ٹرائلز اور مقابلوں کا سلسلہ جاری ہے۔
’’اے پی پی‘‘ راولپنڈی سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کھیلوں میں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے طلبہ و طالبات کی حوصلہ افزائی کیلئے سرٹیفکیٹس، ٹرافیاں اور کیش پرائزز دیے جا رہے ہیں ،جو نوجوان کھلاڑیوں کیلئے مثبت ترغیب کا باعث بنتے ہیں اور انہیں اپنی صلاحیتوں میں مزید بہتری اور محنت کیلئے حوصلہ فراہم کرتے ہیں۔آصفہ ناہید نے کہا کہ ادارے کا بنیادی مقصد زیادہ سے زیادہ طلبہ و طالبات کو کھیلوں کی سرگرمیوں کا حصہ بنانا اور تعلیم کے ساتھ ساتھ انہیں صحت مند، متحرک اور متوازن زندگی گزارنے کے مواقع فراہم کرنا ہے۔ اس مقصد کیلئے راولپنڈی ڈویژن کے کالجز میں دستیاب گراؤنڈز اور اسپورٹس سہولیات کو بھرپور انداز میں استعمال کیا جا رہا ہے جبکہ جہاں مزید کھیلوں کے سامان یا سہولیات کی ضرورت ہے وہاں بہتری کیلئے اقدامات کیے جا رہے ہیں تاکہ کھلاڑیوں کو بہتر اور محفوظ ماحول فراہم کیا جا سکے۔
انہوں نے بتایا کہ گورنمنٹ گریجویٹ کالج فار بوائز سیٹلائٹ ٹاؤن اور اصغر مال کالج سمیت مختلف اداروں میں کھیلوں کیلئے بہترین گراؤنڈز دستیاب ہیں جنہیں مختلف مقابلوں کیلئے استعمال کیا جا رہا ہے۔ اسی طرح وی این سی گرلز کالج میں کرکٹ کیلئے گراؤنڈ اور ہاکی کیلئے بھی مناسب سہولیات موجود ہیں جہاں طالبات کے ضلعی اور ڈویژنل سطح کے مقابلے منعقد کیے جا رہے ہیں جبکہ صوبائی سطح پر بھی مختلف کھیلوں کے مقابلوں کا انعقاد کیا جا رہا ہے۔ڈویژنل فوکل پرسن سپورٹس نے کہا کہ کھیلوں میں ٹیلنٹ کی تلاش کا عمل ادارے کی سطح سے شروع ہوتا ہے، کالجز کے اسپورٹس فوکل پرسنز باصلاحیت طلبہ و طالبات کی نشاندہی کرکے انہیں کالج کی سطح پر تیار کرتے ہیں، جس کے بعد منتخب کھلاڑی ضلعی سطح کے مقابلوں میں حصہ لیتے ہیں۔ ضلعی سطح پر نمایاں پوزیشن حاصل کرنے والے کھلاڑی ڈویژنل سطح پر اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کرتے ہیں اور وہاں بہترین کارکردگی دکھانے والے کھلاڑیوں کو صوبائی سطح پر راولپنڈی ڈویژن کی نمائندگی کا موقع ملتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس پورے عمل میں میرٹ اور کارکردگی کو بنیادی اہمیت حاصل ہے اور کوشش کی جاتی ہے کہ حقیقی صلاحیت رکھنے والے طلبہ و طالبات کو آگے بڑھنے کے یکساں مواقع فراہم کیے جائیں۔آصفہ ناہید نے کہا کہ مستقبل میں کالجز میں کھیلوں کی سرگرمیوں کو مزید وسعت دینے، زیادہ سے زیادہ طلبہ و طالبات کو کھیلوں کا حصہ بنانے اور نئے ٹیلنٹ کو سامنے لانے پر خصوصی توجہ دی جائے گی۔ اس مقصد کیلئے کالجز، اسپورٹس فوکل پرسنز، اساتذہ اور کوچز کے باہمی تعاون سے مربوط انداز میں کام جاری ہے۔انہوں نے کہا کہ کھیل صرف مقابلے کا نام نہیں بلکہ صحت مند زندگی، خود اعتمادی، نظم و ضبط، ٹیم ورک اور قائدانہ صلاحیتوں کی تربیت کا بھی مؤثر ذریعہ ہیں،اس لیے نوجوانوں کو تعلیم کے ساتھ کھیلوں کی سرگرمیوں میں بھی بھرپور شرکت کے مواقع فراہم کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔








