اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کے امیدواروں کے لیے سلامتی کونسل کا پانچواں خفیہ انتخاب

اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے بدھ کو آئندہ سیکرٹری جنرل کے امیدواروں کے لیے پانچویں مرحلے کا غیر رسمی خفیہ انتخاب (اسٹراب پول) منعقد کیا

اقوام متحدہ ۔8اکتوبر (اے پی پی):اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے بدھ کو آئندہ سیکرٹری جنرل کے امیدواروں کے لیے پانچویں مرحلے کا غیر رسمی خفیہ انتخاب (اسٹراب پول) منعقد کیا۔شنہوا کے مطابق اکتوبر کے لیے سلامتی کونسل کی گردشی صدارت رکھنے والی یونان کی اقوام متحدہ میں سفیر اگلیا بالتا نے صحافیوں کو بتایا کہ امیدواروں کے حوالے سے پانچویں مرحلے کا اسٹراب پول مکمل ہوگیا ہے۔انہوں نے کہا کہ ہر امیدوار کو نتائج متعلقہ نامزد کنندہ رکن ملک کے مستقل نمائندے کے ذریعے آگاہ کیا جائے گا، جبکہ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے صدر کو بھی اسٹراب پول کے انعقاد سے مطلع کردیا جائے گا۔سلامتی کونسل میں سیکرٹری جنرل کے امیدواروں کے لیے اسٹراب پول غیر رسمی اور بند کمرہ ووٹنگ ہوتی ہے جس کا مقصد امیدواروں کی حمایت اور انتخابی امکانات کا جائزہ لینا ہوتا ہے، تاہم اس کے نتائج باضابطہ طور پر جاری نہیں کیے جاتے۔اگلے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کی دوڑ میں اس وقت 7 امیدوار شامل ہیں، جن میں ایکواڈور کی سابق وزیر اور سفارت کار ایوون اے بکی، اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کی سابق صدر اور ایکواڈور کی سابق وزیر خارجہ و دفاع ماریا فرنانڈا ایسپینوسا، ارجنٹائن سے تعلق رکھنے والے اور عالمی ایٹمی توانائی ایجنسی (آئی اے ای اے) کے موجودہ ڈائریکٹر جنرل رافیل گروسی، کوسٹا ریکا کی سابق نائب صدر اور اقوام متحدہ کی تجارت و ترقی کانفرنس (انکٹاڈ) کی موجودہ سیکرٹری جنرل ریبیکا گرینسپین، یوگنڈا کے سابق اقوام متحدہ کے انڈر سیکرٹری جنرل اولارا اوتنو، اقوام متحدہ میں گیانا کی مستقل نمائندہ کیرولین روڈریگز برکٹ اور سینیگال کے سابق صدر میکی سال شامل ہیں۔موجودہ اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریش کی مدت رواں سال کے اختتام پر مکمل ہوجائے گی جبکہ نئے سیکرٹری جنرل یکم جنوری 2027 کو عہدہ سنبھالیں گے۔