اسلام آباد ۔ 20 دسمبر (اے پی پی) وزیر مملکت برائے اطلاعات، نشریات، قومی تاریخ و ادبی ورثہ مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ قائداعظم نے کسی جنگ سے نہیں بلکہ اتحاد، تنظیم اور یقین محکم سے یہ ملک بنایا،موجودہ جمہوری حکومت قائداعظم محمد علی جناحؒ کے افکار اور فرمودات پر عمل کرتے ہوئے ملک کو درپیش چیلنجز سے نمٹنے کیلئے کوشاں ہے، قائداعظم کے اتحاد، تنظیم اور یقین محکم کے فرمان پر عمل پیرا ہوتے ہوئے ایسا پاکستان بنانا چاہتے ہیں جہاں اندھیرے نہیں، اجالے ہوں، ہم ملک کو ترقی یافتہ، پرامن اور خوشحال بنانے کی راہ پر گامزن ہیں، گذشتہ 66 سال کے دوران اتنی بجلی پیدا نہیں کی گئی جتنی موجودہ دور حکومت میں پیدا کی گئی ہے، 2013ءمیں ملک میں 16 سے 18 گھنٹے کی لوڈشیڈنگ تھی، اس وقت ملک میں طلب سے زیادہ بجلی موجود ہے، وہ وقت جلد آنے والا ہے جب ملک میں شرح تعلیم سو فیصد ہو گی اور شہری اور دیہی سکولوں میں نوجوانوں کو یکساں تعلیمی سہولیات میسر آئیں گی، دہشت گردی کے خلاف جنگ میں جتنی قربانیاں پاکستانی قوم نے دیں، کسی نے نہیں دیں، اس جنگ میں آرمی پبلک سکول پشاور کے معصوم شہدا نے اپنے لہو سے چراغ روشن کئے، ہم دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستانی قوم، افواج پاکستان، قانون نافذ کرنے والے اداروں اور سیاسی قیادت کے کردار پر ان کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں، نوجوان بابائے قوم قائداعظم محمد علی جناحؒ کے فرمودات پر عمل پیرا ہو کر مستقبل میں کامیابیاں سمیٹ سکتے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کو ڈائریکٹوریٹ آف الیکٹرانک میڈیا اینڈ پبلیکیشنز، وزارت اطلاعات، نشریات و قومی ورثہ اور نظریہ پاکستان کونسل کے زیر اہتمام ”ہمارا قائد“ کے عنوان سے تصویری نمائش سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=82059