پرتگال تنازع کے بعد کرسٹیانو رونالڈو کی دھواں دار واپسی، کیریئر کا 980واں گول داغ دیا

پرتگال کی قومی ٹیم کے کیمپ سے علیحدگی کے بعد شہرہ آفاق فٹ بالرکرسٹیانو رونالڈو نے النصر کی جانب سے میدان میں واپسی پر گول سکور کرکے شائقین کو خوش کردیا۔

ریاض۔10اکتوبر (اے پی پی):پرتگال کی قومی ٹیم کے کیمپ سے علیحدگی کے بعد شہرہ آفاق فٹ بالر کرسٹیانو رونالڈو نے النصر کی جانب سے میدان میں واپسی پر گول سکور کرکے شائقین کو خوش کردیا۔ ای ایس پی این کے مطابق سعودی پرو لیگ کے مقابلے میں النصر نے الدیریہ کو 0-3 سے شکست دے دی، جس میں کرسٹیانو رونالڈو نے 23ویں منٹ میں پہلا گول سکور کیا۔ یہ ان کے شاندار کیریئر کا 980واں گول تھا۔41 سالہ کرسٹیانو رونالڈو کو پرتگال کی جانب سے ناروے کے خلاف 27 ستمبر کو کھیلے گئے میچ میں 1-2 کی فتح کے باوجود میدان میں اترنے کا موقع نہیں ملا تھا، جس کے بعد وہ قومی ٹیم کے کیمپ سے چلے گئے۔ بعدازاں انہوں نے کہا کہ کوچ کے وعدہ پورا نہ کرنے پر انہیں مایوسی ہوئی۔ کرسٹیانو رونالڈو نے اس سے قبل النصر کے کوچ جارج جیسس کی نگرانی میں سعودی عربین لیگ کا خطاب بھی جیتا تھا۔النصر کے شائقین نے واپسی پر کرسٹیانو رونالڈو کا پُرتپاک استقبال کیا۔ میچ سے قبل سٹیڈیم میں ان کے مشہور جرسی نمبر 7 کے ساتھ ایک بڑا بینر آویزاں کیا گیا، جس پر ’’عظمت محنت سے حاصل ہوتی ہے‘‘ کے الفاظ درج تھے۔ شائقین نے میچ کے 7ویں منٹ میں بھی ان کے حق میں نعرے لگائے۔کرسٹیانو رونالڈو نے 23ویں منٹ میں کنگزلے کومان کے شاٹ پر گول کیپر سے ری باؤنڈ ہونے والی گیند کو جال میں پہنچا کر النصر کو برتری دلائی۔ سامو کوسٹا نے 35ویں منٹ میں دوسرا جبکہ کومان نے 77ویں منٹ میں تیسرا گول کرکے ٹیم کی فتح یقینی بنا دی۔اس کامیابی کے بعد النصر پوائنٹس کے اعتبار سے سعودی پرو لیگ میں سرفہرست ال قادسیہ کے برابر آگیا، تاہم گولوں کے فرق کے باعث دونوں ٹیموں کی پوزیشن کا تعین ہوا۔ ہفتے کے اختتام پر دیگر ٹیموں کے میچوں کے بعد درجہ بندی میں تبدیلی ممکن ہے۔رونالڈو نے میچ کے بعد سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر اپنی گول کا جشن مناتی تصویر شیئر کرتے ہوئے لکھا، کام مکمل، اب اگلے مقابلے کی طرف۔پرتگال کی جانب سے 234 میچوں میں ریکارڈ 146 گول کرنے والے کرسٹیانو رونالڈو نے رواں ہفتے واضح کیا تھا کہ وہ قومی ٹیم کے لیے دستیاب رہیں گے۔ تاہم ٹیم کے کیمپ سے علیحدگی پر ان کے خلاف کسی ممکنہ کارروائی کے بارے میں تاحال فیصلہ سامنے نہیں آیا۔

مزید خبریں