سات مرتبہ کے فارمولا ون عالمی چیمپئن لیوس ہیملٹن نے سنگاپور گراں پری میں اپنی حکمتِ عملی کی غلطی پر فراری ٹیم سے معذرت کرلی جبکہ مرسڈیز کے نوجوان ڈرائیور کیمی انتونیلی عالمی چیمپئن شپ جیتنے کے قریب پہنچ گئے ہیں
لوئس ہیملٹن کی فراری سے معذرت، غلط حکمتِ عملی نے قیمتی پوائنٹس چھین لیے، انتونیلی عالمی چیمپئن بننے کے قریب

مزید خبریں
سنگاپور۔12اکتوبر (اے پی پی):سات مرتبہ کے فارمولا ون عالمی چیمپئن لیوس ہیملٹن نے سنگاپور گراں پری میں اپنی حکمتِ عملی کی غلطی پر فراری ٹیم سے معذرت کرلی جبکہ مرسڈیز کے نوجوان ڈرائیور کیمی انتونیلی عالمی چیمپئن شپ جیتنے کے قریب پہنچ گئے ہیں۔بی بی سی کے مطابق سنگاپور گراں پری میں میکس ورسٹاپن نے پہلی پوزیشن حاصل کی جبکہ فراری کے چارلس لیکلرک دوسرے اور کیمی انتونیلی تیسرے نمبر پر رہے۔ لوئس ہیملٹن چھٹے نمبر پر رہے، حالانکہ فراری کو امید تھی کہ اس کے دونوں ڈرائیور دوسری اور تیسری پوزیشن حاصل کریں گے۔ریس کے آخری مرحلے میں لوئس ہیملٹن کے ٹائروں کی کارکردگی متاثر ہوئی اور وہ 3 حریف ڈرائیوروں سے پیچھے رہ گئے۔ انہوں نے ٹیم کے ریڈیو پر اپنی غلطی تسلیم کرتے ہوئے کہا کہ حکمتِ عملی کا فیصلہ ان کا اپنا تھا اور اس کے باعث ٹیم کو قیمتی پوائنٹس کا نقصان ہوا۔فراری کے سربراہ فریڈریک واسور نے کہا کہ ٹیم نے لوئس ہیملٹن کو پٹ سٹاپ کے لیے بلایا تھا، لیکن انہوں نے رکنے کے بجائے ٹریک پر رہنے کا فیصلہ کیا۔ بعد میں ہیملٹن کو احساس ہوا کہ یہ فیصلہ درست نہیں تھا۔ واسور کے مطابق غلطیاں کھیل کا حصہ ہیں اور ٹیم کو آئندہ مقابلوں پر توجہ دینی چاہیے۔دوسری جانب کیمی انتونیلی نے عالمی چیمپئن شپ کی دوڑ میں اپنی پوزیشن مزید مستحکم کرلی ہے۔ ان کی اپنے ساتھی ڈرائیور جارج رسل پر برتری 102 پوائنٹس، جبکہ لوئس ہیملٹن پر 111 پوائنٹس ہوگئی ہے۔ انتونیلی کو آسٹن میں ہونے والی امریکی گراں پری میں عالمی چیمپئن شپ اپنے نام کرنے کے لیے مخصوص نتائج درکار ہوں گے۔ اگر وہ ریس جیت لیں، رسل نویں یا اس سے نیچے اور لوئس ہیملٹن پانچویں یا اس سے نیچے رہیں تو انتونیلی ٹائٹل جیت سکتے ہیں۔20 سالہ انتونیلی اگر رواں سال عالمی چیمپئن بن گئے تو وہ فارمولا ون کی تاریخ کے کم عمر ترین عالمی چیمپئن ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ وہ ٹائٹل کے امکانات سے آگاہ ہیں، لیکن ان کی توجہ اپنی کارکردگی بہتر بنانے اور ہر دوڑ میں بہترین نتیجہ حاصل کرنے پر ہے۔ادھر میکس ورسٹاپن نے سنگاپور گراں پری جیت کر مسلسل دوسری کامیابی حاصل کی۔ انہوں نے کہا کہ ریڈ بل کی گاڑی کی کارکردگی میں بہتری آئی ہے اور وہ باقی سیزن میں بھی اس رفتار کو برقرار رکھنے کی کوشش کریں گے۔فارمولا ون سیزن کے اختتام پر مشرقِ وسطیٰ میں جاری جنگ کے ممکنہ اثرات کے باعث قطر اور ابوظہبی کی دوڑوں کے انعقاد کے بارے میں بھی غیر یقینی صورتِ حال موجود ہے۔ اگر یہ مقابلے منسوخ ہوئے تو عالمی چیمپئن شپ کے اختتام اور ٹائٹل کے فیصلے کا حساب تبدیل ہوسکتا ہے۔







