محکمہ تحفظ جنگلی حیات کاجانوروں و پرندوں کے غیرقانونی شکار ، قبضہ و اسمگلنگ کیخلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری
محکمہ تحفظ جنگلی حیات کاجانوروں و پرندوں کے غیرقانونی شکار ، قبضہ و اسمگلنگ کیخلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری

مزید خبریں
لاہور۔12اکتوبر (اے پی پی):پنجاب میں محکمہ تحفظ جنگلی حیات و پارکس جنگلی جانوروں و پرندوں کے غیرقانونی شکار ، قبضہ و اسمگلنگ کیخلاف بلاامتیاز کارروائیوں میں مصروف عمل ہے اور جس کے نتیجے میں وائلڈلائف رینجرز نے نایاب چنکارہ ہرن کے غیرقانونی شکار ، جنگلی پرندوں، بٹیر اور طوطوں کی نیٹنگ پر 26 شکاریوںکو گرفتار کرکے ان سے 82جنگلی پرندے بازیاب کئے، بٹیر اور فالکن کے 25 نیٹنگ گیئرز ضبط کئے ،11شکاریوںکو مبلغ 5لاکھ 30ہزار روپے جرمانہ عائد کیا ،12کیخلاف صوبہ کے مختلف تھانوں میں ایف آئی آردرج کرائیں جبکہ 3کیخلاف قانونی چارہ جوئی شروع کردی ۔ تفصیل کے مطابق ڈپٹی چیف وائلڈلائف رینجر بہاولپور ریجن مجاہد کلیم کی سربراہی میں بہاولپور ،رحیم یار خان اور بہاولنگر نے نایاب ہرن چنکارہ کے غیرقانونی شکار ، بٹیر اور فالکن کے نیٹنگ کرنیوالے 8 شکاری گرفتار کرکے چنکارہ کے 3شکاریوں کو 2لاکھ 10ہزار ،بٹیر اور فالکن کے 4شکاریوں کو ایک لاکھ10ہزار روپے جرمانہ عائد ۔
بٹیر کے 2شکاریوںکیخلاف ایف آئی آر ز درج کروائیں،5نیٹنگ گیئرز اور 14زندہ بٹیر ضبط کئے ، ایک بٹیر ڈیلر کیخلاف قانونی چارہ جوئی شروع کی جبکہ بٹیر کے 2 ملزمان کیخلاف ایف آئی آرز درج کروائیں ۔ اسسٹنٹ چیف وائلڈلائف رینجر اٹک رضوانہ عزیز نے بٹیر اور فالکن کے 2غیرقانونی شکار ی اور بٹیرکے ایک اسمگلر کو گرفتارکرکے اسمگلر سے 53 زندہ بٹیر، جال، کبوتر اور کامن کیسٹرل برآمد کرکے اسمگلر کیخلاف ایف آئی آر جبکہ بقیہ 2 ملزمان کو ایک لاکھ 10ہزار روپے جرمانہ کرکے کیس نمٹادئیے ۔ ڈپٹی چیف وائلڈلائف رینجر گوجرانوالہ ریجن عاصم بشیر چیمہ کی سربراہی میں منڈی بہائوالدین میں وائلڈلائف رینجرز نے فالکن کے ایک غیرقانونی شکاری سے 4کامن کیسٹرل ،8کبوتر ،2 بٹیر، 8جال اور ایک اینڈرائیڈ سیل فون برآمد کرکے ملزم کے خلاف تھانہ میں ایف آئی آر درج کرادی ۔ ڈپٹی چیف وائلڈلائف رینجر لاہور سخی محمد جوئیہ کی سربراہی میں وائلڈلائف سٹاف لاہور نے جنگلی پرندوں کے ایک غیرقانونی شکاری سے ایک نیٹنگ گیئر،2 پرندے اور ایک موٹر سائیکل برآمد کرکے قانونی کارروائی شروع کردی۔
اسسٹنٹ چیف وائلڈلائف رینجر چکوال مرزا عابد حسین نے فالکن اور بٹیر کے 5شکاری جبکہ سوشل میڈیا پر جنگلی پرندوں کے شکار کی تشہیر کرنیوالے ایک شکار ی کو گرفتار کرکے فالکن اور بٹیر کے 4 ملزمان کیخلاف ایف آئی آردرج کروائی جبکہ بقیہ 2 ملزمان کو 45 ہزار جرمانہ کیا ۔ڈپٹی چیف وائلڈلائف رینجر ملتان ریجن رائے زاہد علی کی سربراہی میں وائلڈلائف رینجر ز ملتان، خانیوال، لودھراں اور وہاڑی نے بٹیر اور جنگلی پرندوں کے غیرقانونی شکار پر 3ملزمان گرفتار کرکے 2نیٹنگ گیئرز برآمد کرلیے، 2 ملزمان کیخلاف ایف آئی آر جکبہ ایک ملزم کو 40ہزار روپے جرمانہ عائد کیا ۔ اسسٹنٹ چیف وائلڈلائف رینجر اوکاڑہ سرفراز حسین نے بٹیر کے 2شکار ی گرفتار کرکے انہیں 55 ہزار روپے جرمانہ کرکے کیس نمٹادیا ۔ اسسٹنٹ چیف وائلڈلائف رینجر نارووال حنفیہ یوسف نے طوطوں کی نیٹنگ میں ملوث 2 ملزم گرفتار کرکے ا ن کے خلاف ایف آئی آر درج کرادی جبکہ اسی طرح وائلڈلائف رینجر ز بھکر اور پاکپتن نے 4 بٹیر نیٹنگ گیئرز ضبط کرکے ملزمان کیخلاف کارروائی شروع کردی ۔








