ملک میں ضروری اشیا کی قیمتوں میں ہفتہ وار بنیادوں پر 0.65 فیصد اور سالانہ بنیادوں پر 11.85 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ پاکستان بیورو برائے شماریات کی جانب سے قیمتوں کے حساس اشاریے (ایس پی آئی) کے حوالے سے جاری ہفتہ وار رپورٹ کے مطابق 22 اکتوبر کو ختم ہونے والے ہفتے کے دوران روزمرہ استعمال کی 12 ضروری اشیا کی قیمتوں میں کمی، 20 اشیا کی قیمتوں …
ضروری اشیا کی قیمتوں میں ہفتہ وار بنیادوں پر 0.65 فیصد،سالانہ بنیادوں پر 11.85 فیصد اضافہ

مزید خبریں
اسلام آباد۔23اکتوبر (اے پی پی):ملک میں ضروری اشیا کی قیمتوں میں ہفتہ وار بنیادوں پر 0.65 فیصد اور سالانہ بنیادوں پر 11.85 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ پاکستان بیورو برائے شماریات کی جانب سے قیمتوں کے حساس اشاریے (ایس پی آئی) کے حوالے سے جاری ہفتہ وار رپورٹ کے مطابق 22 اکتوبر کو ختم ہونے والے ہفتے کے دوران روزمرہ استعمال کی 12 ضروری اشیا کی قیمتوں میں کمی، 20 اشیا کی قیمتوں میں استحکام جبکہ 19 اشیا کی قیمتوں میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔
رپورٹ کے مطابق گزشتہ ہفتے کے دوران ایل پی جی کی قیمت میں 22.44 فیصد اور چکن کی قیمت میں 12.20 فیصد اضافہ ہوا۔ اسی طرح پیاز کی قیمت میں 4.19 فیصد، شرٹنگ میں 1.86 فیصد، بریڈ میں 1.66 فیصد، آٹے میں 1 فیصد، لہسن میں 0.74 فیصد، جلانے کی لکڑی میں 0.71 فیصد، ایک کلو بناسپتی گھی اور جارجٹ کی قیمتوں میں 0.59 فیصد فی کس، بیف میں 0.31 فیصد اور دال ماش کی قیمت میں 0.30 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا، اس کے برعکس ٹماٹر کی قیمت میں 21.99 فیصد، پٹرول میں 3.63 فیصد، کیلے میں 2.42 فیصد، ڈیزل میں 1.68 فیصد، آلو میں 1.38 فیصد، دال چنا میں 0.93 فیصد، انڈوں میں 0.58 فیصد، خشک دودھ میں 0.38 فیصد جبکہ باسمتی چاول اور چینی کی قیمتوں میں 0.35 فیصد فی کس کمی ریکارڈ کی گئی۔
رپورٹ کے مطابق سب سے کم، یعنی 17 ہزار 732 روپے ماہوار آمدنی رکھنے والے گروپ کے لیے قیمتوں کے حساس اشاریے میں ہفتہ وار بنیادوں پر 0.51 فیصد اضافہ ہوا۔ 17 ہزار 733 روپے سے 22 ہزار 888 روپے، 22 ہزار 889 روپے سے 29 ہزار 517 روپے، 29 ہزار 518 روپے سے 44 ہزار 175 روپے اور 44 ہزار 175 روپے سے زائد ماہوار آمدنی رکھنے والے گروپوں کے لیے اشاریے میں بالترتیب 0.49 فیصد، 0.54 فیصد، 0.55 فیصد اور 0.74 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔صارفین کے لیے قیمتوں کے حساس اشاریے کا تعین ملک کے 17 بڑے شہروں کی 50 مارکیٹوں میں 51 ضروری اشیا کی قیمتوں میں ردوبدل کی بنیاد پر کیا جاتا ہے۔








