وزیراعظم کی فوکل پرسن برائے انسداد پولیو عائشہ رضا فاروق اور نیشنل کوآرڈینیٹر برائے انسداد پولیو محمد انوار الحق نے خیبر پختونخوا کے چیف سیکرٹری ڈاکٹر محمد فخرِ عالم عرفان سے نیشنل ایمرجنسی آپریشنز سینٹر (این ای او سی) میں ملاقات کی
وزیراعظم کی فوکل پرسن برائے انسداد پولیو عائشہ رضا فاروق اور نیشنل کوآرڈینیٹر برائے انسداد پولیو محمد انوار الحق کی خیبر پختونخوا کے چیف سیکرٹری سے ملاقات

مزید خبریں
اسلام آباد۔26اکتوبر (اے پی پی):وزیراعظم کی فوکل پرسن برائے انسداد پولیو عائشہ رضا فاروق اور نیشنل کوآرڈینیٹر برائے انسداد پولیو محمد انوار الحق نے خیبر پختونخوا کے چیف سیکرٹری ڈاکٹر محمد فخرِ عالم عرفان سے نیشنل ایمرجنسی آپریشنز سینٹر (این ای او سی) میں ملاقات کی۔ملاقات کے دوران خیبر پختونخوا میں انسداد پولیو کی کوششوں کو درپیش اہم چیلنجز بالخصوص جنوبی اضلاع میں پولیو کے حالیہ کیسز اور ان سے نمٹنے کے لیے موثر حکمت عملی پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔شرکا نے صوبے میں انسداد پولیو کی سرگرمیوں کو مزید موثر بنانے، حفاظتی ٹیکہ جات کی مہمات کو بہتر انداز میں آگے بڑھانے اور پولیو وائرس کے پھیلائو کی روک تھام کے لیے اقدامات پر غور کیا۔اس موقع پر جنوبی خیبر پختونخوا میں پولیو کے خاتمے کے لیے سماجی رابطہ کاری کو مضبوط بنانے، عوامی تعاون حاصل کرنے اور مقامی کمیونٹیز کی بھرپور شمولیت یقینی بنانے کی اہمیت پر زور دیا گیا۔ملاقات میں خیبر پختونخوا کے ایڈیشنل چیف سیکرٹری یحییٰ اخونزادہ، ای او سی کوآرڈینیٹر ڈاکٹر سارہ رحمان اور پاکستان انسداد پولیو پروگرام کی کور ٹیم کے ارکان بھی شریک ہوئے۔ملاقات میں اس امر پر اتفاق کیا گیا کہ خیبر پختونخوا بالخصوص جنوبی اضلاع میں پولیو کے چیلنجز سے نمٹنے کے لیے متعلقہ اداروں کے درمیان قریبی رابطہ کاری اور مربوط اقدامات ناگزیر ہیں تاکہ صوبے بھر میں انسداد پولیو کی کوششوں کو مزید تیز کیا جا سکے اور بچوں کو پولیو جیسے موذی مرض سے محفوظ بنایا جا سکے۔







