وفاقی وزیر صحت مصطفیٰ کمال نے کہا ہے کہ ویکسین کی خریداری کے معاملے پر دس ارب روپے کی کرپشن کے الزامات بے بنیاد ہیں، سرکاری خزانے سے ایک روپیہ بھی خرچ نہیں ہوا، ویکسین فراہم کرنے والی کمپنی کو بھی تاحال کوئی ادائیگی نہیں کی گئی
ویکسین کی خریداری کے معاملے میں کرپشن کے الزامات بے بنیاد ہیں، وفاقی وزیر صحت کی پریس کانفرنس

مزید خبریں
اسلام آباد۔10نومبر (اے پی پی):وفاقی وزیر صحت مصطفیٰ کمال نے کہا ہے کہ ویکسین کی خریداری کے معاملے پر دس ارب روپے کی کرپشن کے الزامات بے بنیاد ہیں، سرکاری خزانے سے ایک روپیہ بھی خرچ نہیں ہوا، ویکسین فراہم کرنے والی کمپنی کو بھی تاحال کوئی ادائیگی نہیں کی گئی، 18 کروڑ 30 لاکھ 55 ہزار روپے نادرا کے اکاؤنٹ میں جمع ہیں ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے پریس کانفرنس میں کیا۔وفاقی وزیر صحت مصطفیٰ کمال نے کہا ہے کہ گزشتہ ایک ہفتے سے وزارتِ صحت کے حوالے سے ویکسین کے معاملے پر سوشل میڈیا پر مختلف خبریں گردش کر رہی ہیں، اس لیے ضروری ہے کہ تمام حقائق قوم کے سامنے رکھے جائیں۔وفاقی وزیر صحت نے بتایا کہ بارڈر ہیلتھ سروسز کی جانب سے عمرہ زائرین کو بیرونِ ملک روانگی سے قبل ویکسین کی فراہمی کے حوالے سے مراسلہ لکھا گیا جبکہ وزیراعظم آفس کے مراسلے کی روشنی میں وزارتِ صحت کو بھی اس معاملے پر آگاہ کیا گیا۔انہوں نے کہا کہ وزارتِ صحت نے 9 مئی کو پرکیورمنٹ کمیٹی تشکیل دی اور شکایات کے ازالے کے لیے گریوینس کمیٹی بھی قائم کی جس کا چیئرمین ڈی جی ہیلتھ کو مقرر کیا گیا تھا تاکہ کسی بھی شکایت کی صورت میں متعلقہ افراد کمیٹی سے رجوع کر سکیں۔مصطفیٰ کمال نے کہا کہ تقریباً ایک ماہ بعد متعلقہ حکام نے اپنی الگ کمیٹیاں تشکیل دے دیں۔ ڈی جی ہیلتھ کی جانب سے بھی اپنی کمیٹی اور اعتراضات کے جائزے کے لیے الگ کمیٹی قائم کی گئی۔ اس عمل میں قانونی تقاضوں کی خلاف ورزی کی گئی اور معاملہ عدالت تک پہنچ گیا۔انہوں نے بتایا کہ عدالتی کارروائی کے بعد وزیراعظم نے انکوائری کمیٹی تشکیل دی، جس کے نتیجے میں ایک اعلیٰ سطحی کمیٹی قائم کی گئی۔ انکوائری میں یہ بات سامنے آئی کہ بارڈر ہیلتھ سروسز کے حکام نے وزارتِ صحت کو بائی پاس کیا اور پبلک پروکیورمنٹ ریگولیٹری اتھارٹی (پیپرا) کے قواعد و ضوابط کی خلاف ورزی کی۔وفاقی وزیر صحت کے مطابق اس معاملے میں نادرا کو بھی پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت شامل کیا گیا اور رقم نادرا کے اکاؤنٹ میں جمع ہوتی رہی۔ وزارتِ صحت کی تشکیل کردہ پرکیورمنٹ کمیٹی کو بھی نظر انداز کیا گیا۔انہوں نے کہا کہ انکوائری رپورٹ وزارتِ صحت کی ویب سائٹ پر عوام کے لیے اپ لوڈ کی جائے گی تاکہ تمام حقائق سامنے آ سکیں۔مصطفیٰ کمال نے کہا کہ انکوائری میں بارڈر ہیلتھ سروسز کے افسران کو اس بات کا ذمہ دار ٹھہرایا گیا کہ انہوں نے وفاقی وزیر اور وزارتِ صحت کو اعتماد میں لیے بغیر اقدامات کیے۔ پرکیورمنٹ کمیٹی کو بھی ذمہ دار قرار دیا گیا، جبکہ بعد میں تعینات ہونے والے ڈائریکٹر نے بھی ان اقدامات کی توثیق کی۔وفاقی وزیر نے کہا کہ انکوائری کمیٹی کی جانب سے دی گئی تمام سفارشات پر سو فیصد عملدرآمد کر دیا گیا ہے اور آئندہ کے لیے نئی پرکیورمنٹ کمیٹی تشکیل دی جائے گی۔ انہوں نے مزید بتایا کہ وزیراعظم آفس کی جانب سے ایف آئی اے کو کارروائی کے احکامات جاری کیے گئے، جس کے بعد متعلقہ افراد کو گرفتار کر کے جیل بھیج دیا گیا۔وفاقی وزیر صحت نے سوشل میڈیا پر لگائے گئے دس ارب روپے کی کرپشن کے الزامات کو مسترد کرتے ہوئے واضح کیا کہ اس معاملے میں سرکاری خزانے سے ایک روپیہ بھی خرچ نہیں ہوا اور ویکسین فراہم کرنے والی کمپنی کو بھی تاحال کوئی ادائیگی نہیں کی گئی۔انہوں نے بتایا کہ 18 کروڑ 30 لاکھ 55 ہزار روپے نادرا کے اکاؤنٹ میں جمع ہیں، لہٰذا قومی خزانے کو کوئی مالی نقصان نہیں پہنچا۔ اس معاملے میں نقصان ویکسین فراہم کرنے والے فریق کو ہوا ہے۔







