اسلام آباد، اقتصادی تعاون تنظیم کے سینئر حکام کا اجلاس، وزرا کونسل کے 30ویں اجلاس کے ایجنڈے اور تیاریوں پر غور کیا گیا

اقتصادی تعاون تنظیم (ای سی او)کے سینئر حکام کا اجلاس اسلام آباد میں منعقد ہوا جس کی صدارت سیکرٹری خارجہ ایمبیسیڈر عاصم افتخار احمد نے کی، اجلاس میں ای سی او کے رکن ممالک کے سینئر حکام، ای سی او سیکرٹریٹ کے نمائندوں اور ای سی او کے خصوصی اداروں اور علاقائی تنظیموں کے مندوبین نے شرکت کی۔

اسلام آباد۔16نومبر (اے پی پی):اقتصادی تعاون تنظیم (ای سی او)کے سینئر حکام کا اجلاس اسلام آباد میں منعقد ہوا جس کی صدارت سیکرٹری خارجہ ایمبیسیڈر عاصم افتخار احمد نے کی، اجلاس میں ای سی او کے رکن ممالک کے سینئر حکام، ای سی او سیکرٹریٹ کے نمائندوں اور ای سی او کے خصوصی اداروں اور علاقائی تنظیموں کے مندوبین نے شرکت کی۔

سینئر حکام نے اسلام آباد میں منعقد ہونے والے اقتصادی تعاون تنظیم (ای سی او) کے وزرائے کونسل کے 30ویں اجلاس کے ایجنڈے اور تیاریوں پر تفصیلی غور کیا۔ اجلاس میں وزرائے کونسل کے لیے ایجنڈے اور مجوزہ اسلام آباد اعلامیے کو حتمی شکل دی گئی۔اجلاس میں سال کے دوران ای سی او سیکرٹریٹ کی جانب سے انجام دی جانے والی سرگرمیوں کا بھی جائزہ لیا گیا جن میں تنظیم کے جاری پروگراموں اور اقدامات سے متعلق رپورٹس، مختلف شعبہ جاتی وزارتی اجلاسوں کے نتائج اور ذیلی اداروں و خصوصی اداروں کی کارکردگی شامل تھی۔

شرکا نے تنظیم کے انتظامی اور مالی امور بارے بھی تبادلہ خیال کیا اور اس کی کارکردگی کو مزید مؤثر بنانے کے طریقوں پر غور کیا۔ ای سی او سینئر حکام کا اجلاس وزرائے کونسل کے لیے اہم مشاورتی اور تیاری کا فورم ہے جو رکن ممالک کو پیش رفت کا جائزہ لینے، باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کرنے اور وزارتی سطح کے اجلاس سے قبل تجاویز اور مجوزہ دستاویزات پر اتفاقِ رائے پیدا کرنے کا موقع فراہم کرتا ہے۔