سعودی عرب، رائل کمیشن فار ریاض سٹی کا ایکسپو 2030 کی سائٹ کے لیے نئے میٹرو سٹیشن کی تعمیر کا اعلان

سعودی عرب، رائل کمیشن فار ریاض سٹی کا ایکسپو 2030 کی سائٹ کے لیے نئے میٹرو سٹیشن کی تعمیر کا اعلان

ریاض ۔16نومبر (اے پی پی):سعودی عرب کے رائل کمیشن فار ریاض سٹی نے ایکسپو 2030 کی سائٹ کے لیے نئے میٹرو سٹیشن کی تعمیر کا اعلان کیا ہے جو ریاض میٹرو کی یلو لائن پر واقع اور کنگ خالد انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے منسلک ہے،یہ سٹیشن کنگ سلمان روڈ پر ایک گرین کوریڈور میں تعمیر کیا جا رہا ہے جو مشرق میں واقع ایکسپو 2030 کی سائٹ کو مغرب میں فیوچر اربن ایریا سے جو ڑے گا۔ایس پی اے کے مطابق رائل کمیشن کا کہنا ہے یہ منصوبہ دار الحکومت میں آمد ورفت کے نظام کو بہتر بنانے اور شہر کی بڑھتی آبادی اور معاشی ترقی کے تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کی کوششوں کا حصہ ہے۔

تقریبا 70 ہزار مربع میٹر کے رقبے پر تعمیر کیے جانے والے اس سٹیشن پر 134 میٹر چوڑا سٹیل کا ڈوم شامل ہے جو یہاں آنے والوں کو سایہ دار جگہ فراہم کرے گا، یہ ڈوم آٹھ ایسے ستونوں پر کھڑا ہے جو ببول کے درخت کی طرز پر بنائے گئے ہیں،رائل کمیشن نے اس کا ڈیزائن متعارف کرایا ہے جسے ریاض کے قدرتی مناظر اور یہاں کی وادیوں سے متاثر ہو کر تیار کیا گیا ہے۔ اس سٹیشن پر فی گھنٹہ 19 ہزار افراد کی آمد ورفت کی گنجائش ہوگی،اس میں تقریبا 44 ہزار مربع میٹر رقبے پر سبزہ زار( گرین سپیس)ہوگا جبکہ استعمال ہونے والی توانائی کا تقریبا 25 فیصد سولر پاور سے حاصل کیا جائے گا۔

سٹیشن کی تعمیر کا کام ایکسپو 2030 کی سائٹ پر جاری ترقیاتی کاموں کے ساتھ آگے بڑھے گا، ایکسپو کے انعقاد سے قبل سٹیشن کی تعمیر مکمل ہونے کی توقع ہے۔ سٹیشن کی تعمیر سے ایکسپو میں شرکت کرنے والوں کو پبلک ٹرانسپورٹ کی سہولت میسرآئے گی۔ایکسپو کے اختتام کے بعد بھی یہ سٹیشن میٹرو نیٹ ورک کا حصہ اور شہرکی توسیع کے ساتھ اطراف کے علاقوں کے لیے سفری خدمات فراہم کرے گا۔کمیشن کے مطابق تعمیراتی کام کے دوران شہر کے مختلف علاقوں بالخصوص تعمیر کے مقام اور اطراف میں ٹریفک کی روانی کو برقرار رکھنے کے لیے متعلقہ اداروں کے تعاون سے خصوصی ٹریفک پلان تیار کیا گیا ہے۔