جنوبی پنجاب کے عوام سے کیا گیا وعدہ پورا کر دیا، لیہ-تونسہ پل سے منسلک دونوں اطراف کی سڑکوں کی تعمیر کا باقاعدہ آغاز کر دیا گیا ہے، وفاقی وزیر عبدالعلیم خان

وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان نے کہا ہے کہ جنوبی پنجاب کے عوام سے کیا گیا وعدہ پورا کر دیا، دریائے سندھ پر لیہ-تونسہ پل سے منسلک دونوں اطراف کی سڑکوں کی تعمیر کا باقاعدہ آغاز کر دیا گیا ہے، 10 سال قبل پل کی تعمیر مکمل ہونے کے باوجود اس کے دونوں اطراف رابطہ سڑکیں موجود نہیں تھیں

اسلام آباد۔17نومبر (اے پی پی):وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان نے کہا ہے کہ جنوبی پنجاب کے عوام سے کیا گیا وعدہ پورا کر دیا، دریائے سندھ پر لیہ-تونسہ پل سے منسلک دونوں اطراف کی سڑکوں کی تعمیر کا باقاعدہ آغاز کر دیا گیا ہے، 10 سال قبل پل کی تعمیر مکمل ہونے کے باوجود اس کے دونوں اطراف رابطہ سڑکیں موجود نہیں تھیں جس کے باعث عوام کو طویل عرصے سے مشکلات کا سامنا تھا، اب اس دیرینہ مسئلے کو حل کرنے کے لیے این ایچ اے نے عملی اقدامات شروع کر دیئے ہیں اور نئی سڑکیں 2 ماہ کے اندر مکمل کر لی جائیں گی۔وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان نے ان خیالات کا اظہار دریائے سندھ پر لیہ-تونسہ پل سے منسلک زیر تعمیر سڑکوں کے کام کا معائنہ کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ نئی سڑکوں کی تعمیر سے لیہ اور تونسہ کے شہری دونوں اطراف سے براہ راست رابطے میں آ جائیں گے اور دونوں شہروں کے درمیان گھنٹوں پر محیط سفر چند منٹوں میں طے ہو سکے گا۔ انہوں نے پل پر روشنیوں کا مناسب انتظام کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ نئی سڑکوں کی تعمیر کی تکمیل کے بعد وزیراعظم پاکستان ان کا افتتاح کریں گے۔

وفاقی وزیر عبدالعلیم خان نے کہا کہ جنوبی پنجاب کے عوام کو بھی ملک کے دیگر حصوں کی طرح ترقی، خوشحالی اور بنیادی سہولیات پر برابر کا حق حاصل ہے، اس خطے کی محرومیوں کا خاتمہ اور عوام کو ان کے جائز حقوق کی فراہمی ہماری ترجیحات میں شامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ جنوبی پنجاب کے عوام کو علیحدہ صوبے کے قیام سمیت ان کے آئینی، سیاسی اور انتظامی حقوق ملنے چاہئیں تاکہ اس علاقے کی ترقی اور عوامی مسائل کا پائیدار حل ممکن بنایا جا سکے۔وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان نے بتایا کہ سڑکوں کی تعمیر کے لیے حاصل کی گئی ایک ایک مرلہ زمین کا مکمل معاوضہ ادا کرنے کے لیے این ایچ اے نے تمام رقم ضلعی انتظامیہ کو فراہم کر دی ہے جبکہ کمشنر اور ڈپٹی کمشنر کو ہدایت کی کہ متاثرہ اراضی مالکان کو معاوضے کی ادائیگی فوری طور پر یقینی بنائی جائے تاکہ تعمیراتی کام میں کسی قسم کی رکاوٹ پیدا نہ ہو اور عوام کو ان کا حق بروقت مل سکے۔

وفاقی وزیر عبدالعلیم خان کا لیہ پہنچنے پرمقامی عوام اور سیاسی قیادت کی جانب سے پرتپاک استقبال کیا گیا، ان پر پھولوں کی پتیاں نچھاور کی گئیں، نوجوانوں نے ڈھول کی تھاپ پر روایتی رقص کیا اور انہیں روایتی پگڑی پہنائی ۔ اس موقع پر عوام کی جانب سے زبردست نعرے بازی بھی کی گئی۔سابق رکن پنجاب اسمبلی سید رفاقت علی گیلانی اور جنوبی پنجاب کی سیاسی قیادت نے سڑکوں کی تعمیر کے عملی آغاز پر وفاقی وزیر عبدالعلیم خان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے جنوبی پنجاب کے عوام سے کیا گیا وعدہ پورا کر دکھایا ہے۔ پارٹی رہنمائوں نے اپنے خطاب میں کہا کہ عبدالعلیم خان نے تعمیراتی کام شروع ہونے کے بعد لیہ کا دورہ کر کے ثابت کیا ہے کہ عوامی مسائل کا حل اور ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل ان کی ترجیحات میں شامل ہے۔

 

مزید خبریں