لاہور قلندرز کا پاک امریکہ کرکٹ روابط کے فروغ کے لئے مکمل تعاون جاری رکھنے کا عزم

:لاہور قلندرز نے پاکستان اور امریکہ کے مابین کرکٹ کے شعبے میں دوطرفہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کے عزم کا اعادہ کیا ہے جبکہ فرنچائز کے مالک اور ڈائریکٹر ثمین رانا نے امریکی کرکٹ اور وہاں کے کھلاڑیوں کے فروغ کے لئے ہر ممکن تعاون فراہم کرنے کا اعلان کیا ہے

اسلام آباد۔19نومبر (اے پی پی):لاہور قلندرز نے پاکستان اور امریکہ کے مابین کرکٹ کے شعبے میں دوطرفہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کے عزم کا اعادہ کیا ہے جبکہ فرنچائز کے مالک اور ڈائریکٹر ثمین رانا نے امریکی کرکٹ اور وہاں کے کھلاڑیوں کے فروغ کے لئے ہر ممکن تعاون فراہم کرنے کا اعلان کیا ہے۔

اپنے بیان میں ثمین رانا کا کہنا تھا کہ امریکہ کے ساتھ ہمارے انتہائی مضبوط روابط ہیں اور امریکی کرکٹ و کرکٹرز کے لئے لاہور قلندرز کی بھرپور حمایت ہمیشہ دستیاب رہے گی، ہمارا مقصد ہے کہ امریکی کھلاڑیوں کو پاکستان اور امریکہ دونوں ممالک میں بہترین سہولیات اور آگے بڑھنے کے یکساں مواقع فراہم کر کے ان تعلقات کو مزید وسعت دی جائے۔دریں اثناء لاہور قلندرز کے مالکان عاطف رانا اور ثمین رانا نے پاکستان کی ون ڈے کرکٹ ٹیم کے کپتان شاہین شاہ آفریدی کے ہمراہ اسلام آباد میں امریکی سفارتخانے کی ناظم الامور نیٹلی اے بیکر کی جانب سے منعقدہ ایک خصوصی تقریب میں شرکت کی۔یہ پُروقار تقریب امریکی سفارتخانے میں خدمات انجام دینے والے پاکستانی ملازمین اور ان کے اہلِخانہ کی گرانقدر خدمات کو سراہنے اور ان کی حوصلہ افزائی کے لئے منعقد کی گئی تھی۔

لاہور قلندرز کے وفد نے سفارتی عملے اور ان کے اہلِ خانہ کے ساتھ خوشگوار وقت گزارا جس میں غیر رسمی ملاقاتیں، معروف امریکی ریسٹورنٹس کے لذیذ پکوان اور ٹیم بلڈنگ سرگرمیاں شامل تھیں۔اس موقع پر لاہور قلندرز کے سی ای او عاطف رانا نے وفد کو مدعو کرنے اور اس خصوصی فیملی تقریب کا حصہ بنانے پر امریکی ناظم الامور نیٹلی اے بیکر کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا اور سفارتی عملے و ان کے اہلِ خانہ سے ملاقات کے موقع کو انتہائی خوش آئند قرار دیا۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے امریکی ناظم الامور نیٹلی اے بیکر نے کرکٹ اور سفارتکاری دونوں شعبوں میں "ٹیم ورک” کی اہمیت پر زور دیا۔ انہوں نے دونوں ممالک کے تحفظ، سلامتی اور خوشحالی کے فروغ کے لئے پاکستانی اور امریکی ساتھیوں کے مابین مثالی تعاون پر فخر کا اظہار بھی کیا۔

مزید خبریں