بلوچستان میں کپاس کی بحالی، نان بی ٹی اقسام کے فروغ کے لیے پی سی سی سی اور محکمہ زراعت میں اشتراک پر اتفاق

پاکستان سنٹرل کاٹن کمیٹی (پی سی سی سی) اور محکمہ زراعت بلوچستان نے کپاس کی بحا لی، پیداوار میں اضافہ اور نان بی ٹی و نان جی ایم او کپاس کی اقسام کی تحقیق و ترقی کے لیے مشترکہ تعا ون پر اتفاق کیا ہے

ملتان۔ 19 نومبر (اے پی پی):پاکستان سنٹرل کاٹن کمیٹی (پی سی سی سی) اور محکمہ زراعت بلوچستان نے کپاس کی بحا لی، پیداوار میں اضافہ اور نان بی ٹی و نان جی ایم او کپاس کی اقسام کی تحقیق و ترقی کے لیے مشترکہ تعا ون پر اتفاق کیا ہے۔اس سلسلے میں پی سی سی سی کے چیف ایگزیکٹو آفیسر ڈاکٹر خادم حسین اور ڈائریکٹر جنرل ایگریکلچر ریسرچ بلوچستان ڈاکٹر قاسم حسین کاکڑ کے درمیان وزارتِ قومی غذائی تحفظ و تحقیق اسلام آباد میں ملاقات ہوئی، جس میں بلوچستان میں کپاس کے فروغ کے لیے مربوط تحقیقی حکمت عملی اپنانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

ڈاکٹر خادم حسین نے بتایا کہ بلوچستان میں پی سی سی سی کے کاٹن ریسرچ اسٹیشن لسبیلہ اور سبی پہلے سے کام کر رہے ہیں، جنہیں محکمہ زراعت بلوچستان کے تعاون سے مزید فعال بنایا جائے گا۔ پی سی سی سی نان بی ٹی اور نان جی ایم او کپاس کا جرثومی مواد فراہم کرے گی، جبکہ مقامی موسمی و زرعی حالات کے مطابق موزوں اقسام کی جانچ، انتخاب، افزائشِ بیج اور کسانوں تک فراہمی کے لیے مشترکہ اقدامات کیے جائیں گے۔

ملاقات میں تحقیقی مراکز پر سہولیات، تکنیکی معاونت، تربیت اور مشترکہ تحقیقی سرگرمیوں کے لیے مفاہمتی یادداشت (ایم او یو) پر پیش رفت کرنے پر بھی اتفاق کیا گیا، تاکہ بلوچستان میں کپاس کی بحالی اور جدید تحقیقی سرگر میوں کو فروغ دیا جا سکے۔