کمشنر ہزارہ نےنتھیاگلی میں صفائی مہم اور شجرکاری کا آغازکردیا،شہریوں میں پودے تقسیم

گلیات کے سیاحتی مقام نتھیا گلی میں گرین اینڈ کلین مہم کے سلسلے میں ایک پروقار اور شاندار تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں کمشنر ہزارہ ڈویژن شاہ رخ علی خان نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی

ایبٹ آباد۔ 19 نومبر (اے پی پی):گلیات کے سیاحتی مقام نتھیا گلی میں گرین اینڈ کلین مہم کے سلسلے میں ایک پروقار اور شاندار تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں کمشنر ہزارہ ڈویژن شاہ رخ علی خان نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔ تقریب میں ڈائریکٹر جنرل گلیات ڈویلپمنٹ اتھارٹی محمد ظہیر الدین بابر، جی ڈی اے کے افسران، محکمہ جنگلات کے نمائندوں، مقامی عمائدین، ہوٹل ایسوسی ایشن کے عہدیداران، تاجر برادری، طلباء، سول سوسائٹی اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔تقریب کا آغاز تلاوت کلام پاک سے کیا گیا جس کے بعد کمشنر ہزارہ ڈویژن اور ڈی جی جی ڈی اے سمیت دیگر شرکاء نے نتھیا گلی بازار اور ملحقہ علاقوں میں صفائی مہم میں حصہ لیا۔ اس موقع پر بازار اور اطراف کے علاقوں میں صفائی کی گئی جبکہ ماحول کو سرسبز بنانے اور قدرتی خوبصورتی میں اضافہ کے لیے مختلف مقامات پر پودے بھی لگائے گئے۔ شرکا نے اس عزم کا اظہار کیا کہ گلیات کے قدرتی حسن، جنگلات اور ماحول کے تحفظ کے لیے اجتماعی کوششیں جاری رکھی جائیں گی۔

اس موقع پر کمشنر ہزارہ ڈویژن شاہ رخ علی خان نے کہا کہ گلیات پاکستان کا ایک قیمتی قدرتی اثاثہ اور اہم سیاحتی خطہ ہے، جہاں کے سرسبز جنگلات، خوبصورت پہاڑ، قدرتی مناظر اور صاف ستھرا ماحول اس علاقے کی اصل پہچان ہیں۔ ان قدرتی وسائل کا تحفظ صرف حکومت یا کسی ایک ادارے کی ذمہ داری نہیں بلکہ اس میں ہر شہری، تاجر، دکاندار، ہوٹل مالکان اور سیاح کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔انہوں نے کہا کہ گرین اینڈ کلین مہم محض ایک دن کی سرگرمی یا رسمی پروگرام نہیں ہونا چاہیے بلکہ اسے مستقل سوچ اور طرز زندگی کے طور پر اپنانے کی ضرورت ہے۔ عوام میں صفائی ستھرائی، شجرکاری اور ماحول کے تحفظ کے حوالے سے شعور بیدار کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ سیاحتی مقامات پر آنے والے افراد بھی ذمہ داری کا مظاہرہ کریں اور کوڑا کرکٹ کھلے مقامات، سڑکوں، جنگلات اور قدرتی مقامات پر پھینکنے سے گریز کریں۔کمشنر ہزارہ نے مزید کہا کہ نتھیا گلی سمیت گلیات کے مختلف سیاحتی مقامات پر پلاسٹک کے تھیلوں، کوڑا کرکٹ اور غیر قانونی تعمیرات کے باعث ماحول اور قدرتی حسن متاثر ہو رہا ہے۔

ان مسائل کے تدارک کے لیے ضلعی انتظامیہ اور گلیات ڈویلپمنٹ اتھارٹی باہمی تعاون سے اقدامات کر رہی ہیں۔ انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ بازاروں اور اہم سیاحتی مقامات پر مناسب تعداد میں کوڑا دان نصب کیے جائیں، صفائی کے عملے کو متحرک رکھا جائے، کوڑا کرکٹ اٹھانے کے نظام کو مزید مؤثر بنایا جائے اور مقامی آبادی سمیت سیاحوں میں صفائی کے حوالے سے آگاہی مہم کو وسعت دی جائے۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈائریکٹر جنرل جی ڈی اے محمد ظہیر الدین بابر نے کہا کہ گلیات ڈویلپمنٹ اتھارٹی علاقے کو صاف ستھرا، سرسبز اور سیاحوں کے لیے مزید پرکشش بنانے کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے۔ گلیات کی خوبصورتی کو برقرار رکھنے، تجاوزات کے خاتمے، ٹریفک کے نظام کو بہتر بنانے، سیوریج کے مسائل کے حل اور شجرکاری کے منصوبوں پر کام جاری ہے۔انہوں نے کہا کہ گلیات صرف مقامی لوگوں کا نہیں بلکہ پورے پاکستان کا ایک اہم سیاحتی اثاثہ ہے، جس کی حفاظت اور خوبصورتی کو برقرار رکھنا ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔

انہوں نے مقامی لوگوں، تاجروں، ہوٹل مالکان اور سول سوسائٹی سے اپیل کی کہ وہ جی ڈی اے کے ساتھ بھرپور تعاون کریں، اپنے گھروں، دکانوں اور کاروباری مراکز کے سامنے صفائی کا خصوصی خیال رکھیں اور شجرکاری مہم میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں تاکہ آنے والی نسلوں کو صاف، سرسبز اور خوبصورت ماحول فراہم کیا جا سکے۔اس موقع پر شرکاء نے گرین اینڈ کلین مہم کو کامیاب بنانے، نتھیا گلی اور دیگر سیاحتی مقامات کو پلاسٹک فری رکھنے، کوڑا کرکٹ مقررہ مقامات پر ٹھکانے لگانے اور زیادہ سے زیادہ درخت لگانے کے عزم کا اظہار کیا۔ تقریب کے اختتام پر کمشنر ہزارہ شاہ رخ علی خان اور ڈی جی جی ڈی اے محمد ظہیر الدین بابر نے شرکاء میں پودے تقسیم کیے اور مہم میں نمایاں کردار ادا کرنے والے رضاکاروں کی حوصلہ افزائی بھی کی۔