امن اور قانون کی حکمرانی اولین ترجیح ہے، گورنرخیبر پختونخوا

گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ امن کی بحالی اور امن و امان کا قیام حکومت کی اولین ترجیح ہے اور ریاست کی رٹ (اختیار) پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نےجمعرات کوچارسدہ کے علاقے شبقدر میں ’’فیڈرل کانسٹیبلری پاسنگ آئوٹ پریڈ‘‘ سے بطور مہمانِ خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا

پشاور۔ 19 نومبر (اے پی پی):گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ امن کی بحالی اور امن و امان کا قیام حکومت کی اولین ترجیح ہے اور ریاست کی رٹ (اختیار) پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نےجمعرات کوچارسدہ کے علاقے شبقدر میں ’’فیڈرل کانسٹیبلری پاسنگ آئوٹ پریڈ‘‘ سے بطور مہمانِ خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی محض چند افراد یا علاقوں کا مسئلہ نہیں بلکہ یہ قومی ترقی، معیشت، تعلیم، سرمایہ کاری اور آنے والی نسلوں کے مستقبل کے لیے ایک چیلنج ہے۔ انہوں نے کہا کہ امن کے بغیر پائیدار ترقی ممکن نہیں کیونکہ عدم تحفظ سرمایہ کاری کی حوصلہ شکنی کرتا ہے اور ترقی کی راہ میں رکاوٹ بنتا ہے۔گورنر نے پاسنگ آئوٹ پریڈ کا معائنہ کیا،نمایاں کارکردگی دکھانے والے اہلکاروں میں ٹرافیاں اور انعامات تقسیم کیے ، یادگارِ شہدا پر پھولوں کی چادر چڑھائی اور شہدا کی قربانیوں کو خراجِ تحسین پیش کیا۔اس موقع پر انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا کے عوام نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں بے مثال قربانیاں دی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پولیس، فیڈرل کانسٹیبلری، پاک فوج، فرنٹیئر کور اور دیگر سکیورٹی اداروں کے جوانوں نے پائیدار امن کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا، شہدا کی یہ قربانیاں بے شمار خاندانوں کی امیدوں اور خوابوں کی ترجمان ہیں اور انہیں کبھی فراموش نہیں کیا جائے گا۔انہوں نے شہدا کو خراجِ عقیدت پیش کیا اور لواحقین کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان ہمیشہ ان لوگوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھے گا جنہوں نے قوم کے لیے اپنی جانیں قربان کیں۔ انہوں نے زور دیا کہ دہشت گردی کو شکست دینے کے لیے ایک جامع، مربوط اور طویل مدتی حکمت عملی کی ضرورت ہے، جس کے ساتھ ساتھ پولیس، فیڈرل کانسٹیبلری، فرنٹیئر کور، پاک فوج اور دیگر متعلقہ اداروں کے درمیان قریبی تعاون ناگزیر ہے۔ گورنر نے پاسنگ آئوٹ کرنے والے اہلکاروں کو مبارکباد دیتے ہوئےکہا کہ انہوں نے پاکستان کی وردی پہننے کا اعزاز حاصل کیا ہے جو ریاست کے وقار، قانون کی حکمرانی، عوام کے تحفظ اور قومی سلامتی کی علامت ہے۔ انہوں نے اہلکاروں پر زور دیا کہ وہ ملک کے تحفظ، عوام کی خدمت اور اپنے ادارے کے وقار کو بلند رکھنے کے لیے پرعزم رہیں۔

گورنر نے کہا کہ قومیں نعروں سے نہیں بلکہ کردار، قربانی اور اپنے فرائض کے تئیں لگن سے مضبوط ہوتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا کو دہشت گردی کے چیلنجز سے آگے بڑھ کر سیاحت، تجارت اور ٹیکنالوجی کی جانب گامزن ہونا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ ایک پرامن، ترقی پسند اور خوشحال صوبہ ہمارا اجتماعی ہدف ہے اور اس کے حصول کے لیے پائیدار امن ناگزیر ہے۔