سیکرٹری/ چیف ایڈمنسٹریٹر اوقاف پنجاب ڈاکٹر احسان بھٹہ نے کہا ہے کہ محراب و منبر کو اتحادِ امت، بین المسالک ہم آہنگی، مذہبی رواداری، قومی یکجہتی اور اصلاحِ معاشرہ کے فروغ کا موثر وسیلہ بنایا جائے جبکہ علما و خطبا اپنے دینی و منصبی فرائض کی ادائیگی کے ساتھ معاشرتی استحکام،اخلاقی تربیت اور قومی شعور کی بیداری میں بھی اپنا بھرپور کردار ادا کریں
محراب و منبر کو اتحادِ امت، بین المسالک ہم آہنگی، مذہبی رواداری اور اصلاحِ معاشرہ کے فروغ کا موثر وسیلہ بنایا جائے،سیکرٹری اوقاف پنجاب

مزید خبریں
لاہور۔19نومبر (اے پی پی):سیکرٹری/ چیف ایڈمنسٹریٹر اوقاف پنجاب ڈاکٹر احسان بھٹہ نے کہا ہے کہ محراب و منبر کو اتحادِ امت، بین المسالک ہم آہنگی، مذہبی رواداری، قومی یکجہتی اور اصلاحِ معاشرہ کے فروغ کا موثر وسیلہ بنایا جائے جبکہ علما و خطبا اپنے دینی و منصبی فرائض کی ادائیگی کے ساتھ معاشرتی استحکام،اخلاقی تربیت اور قومی شعور کی بیداری میں بھی اپنا بھرپور کردار ادا کریں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہجویری ہال دربار حضرت داتا گنج بخش لاہور میں محکمہ اوقاف و مذہبی امور پنجاب کے زیر اہتمام ’’محکمانہ نظم و ضبط اور محراب و منبر کی ذمہ داریاں ‘‘ کے عنوان سے منعقدہ زونل کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔کانفرنس میں ڈائریکٹر جنرل مذہبی امور حافظ انیس الرحمن، ڈائریکٹر ایڈمنسٹریشن اوقاف پنجاب محمد شاکر سندھو، ایڈمنسٹریٹر داتا دربار محمد علی خان، خطیب جامع مسجد داتا دربار مولانا مختار احمد ندیم، منیجرز اوقاف داتا دربار حسن رضوان، گوہر مصطفی اور شہباز حسین، زونل خطیب اوقاف مولانا احمد رضا سیالوی، ضلعی خطیب اوقاف مولانا عمران حنفی سمیت دیگر علما، مذہبی شخصیات اور محکمانہ افسران نے شرکت کی۔ اس موقع پر سیکرٹری اوقاف پنجاب نے کہا کہ محکمہ اوقاف کے انتظامی امور میں بہتری،ادارہ جاتی نظم و نسق کے استحکام اور دینی و سماجی ذمہ داریوں کی موثر انجام دہی کے لیے محکمانہ نظم و ضبط اور جوابدہی کو ہر سطح پر یقینی بنانا ناگزیر ہے۔
انہوں نے کہا کہ فرقہ وارانہ تعصبات، باہمی نفرتوں اور مذہبی منافرت کے خاتمے کے ذریعے ہی ایک پرامن، معتدل، روادار اور فلاحی معاشرے کی بنیاد رکھی جا سکتی ہے۔علما و مشائخ اور خطبا معاشرے کے موثر رہنما ہیں،ان کی ذمہ داری ہے کہ وہ اپنے خطباتِ جمعہ، دینی اجتماعات اور مذہبی مجالس کے ذریعے اخوت،بھائی چارے، برداشت، انسان دوستی اور احترامِ انسانیت کی تعلیمات کو عام کریں۔انہوں نے کہا کہ مساجد اور محراب و منبر اسلامی اقدار،دینی روایات اور اخلاقی تعلیمات کے امین ہیں، چنانچہ علما و خطبا جدید عصری تقاضوں اور معاشرتی مسائل کو پیش نظر رکھتے ہوئے عوام کی مثبت، متوازن اور بصیرت افروز رہنمائی کریں۔اسوہ رسولﷺاور سیرتِ طیبہﷺ کی روشنی میں اسلام کے حقیقی، روشن اور عالمگیر پیغامِ امن و محبت کو قومی اور بین الاقوامی سطح پر اجاگر کیا جائے۔سیکرٹری اوقاف نے محکمانہ امور پر گفتگو کرتے ہوئے واضح کیا کہ مالی دیانت، انتظامی شفافیت اور ادارہ جاتی جوابدہی محض دفتری تقاضے نہیں بلکہ ہر افسر اور ملازم کی بنیادی پیشہ ورانہ و اخلاقی ذمہ داری ہیں۔بدعنوانی، مالی بے ضابطگیوں اور اختیارات کے ناجائز استعمال کے انسداد کے لیے زیرو ٹالرنس پالیسی پر بلاامتیاز عملدرآمد کیا جائے۔انہوں نے آئمہ و خطبا اوقاف پر زور دیا کہ مساجد کے کیش بکس سے حاصل ہونے والی آمدن اور اوقاف کی جائیدادوں کے نیلامی و ٹھیکہ جات سے متعلق محصولات میں اضافے کے لیے دیانت داری، مستعدی اور پیشہ ورانہ ذمہ داری کا مظاہرہ کریں۔
آمدن کے تمام ذرائع کی موثر نگرانی، مالی معاملات کی شفافیت اور مقررہ اہداف کا حصول یقینی بنایا جائے تاکہ محکمہ کے مالی وسائل میں اضافہ اور ادارہ جاتی کارکردگی میں مزید بہتری لائی جا سکے۔انہوں نے ضلعی و زونل خطبا کو ہدایت کی کہ وہ اپنے زیر انتظام مساجد کے عملے میں احساسِ ذمہ داری، پابندی وقت، نظم و ضبط اور فرائضِ منصبی کی ادائیگی کا شعور اجاگر کریں۔عملے کی حاضری، دفتری و انتظامی امور کی انجام دہی اور محکمانہ احکامات پر عملدرآمد کی باقاعدہ نگرانی کی جائے جبکہ تمام متعلقہ افسران و اہلکار اپنے فرائض منصبی دیانت داری،مستعدی اور احساسِ جوابدہی کے ساتھ ادا کریں۔انہوں نے کہا کہ علما و خطبا اپنے خطباتِ جمعہ اور دیگر دینی اجتماعات کو قومی و سماجی شعور کی بیداری اور عوامی آگاہی کا موثر ذریعہ بنائیں اور پولیو ویکسی نیشن، ڈینگی سے بچائو، صحت و صفائی اور حکومت کی دیگر عوامی فلاحی مہمات میں عوامی تعاون کے حصول کے لیے بھرپور کردار ادا کریں اور عوام کو ان مہمات کی افادیت سے آگاہ کرتے ہوئے قومی ذمہ داریوں کی ادائیگی اور اجتماعی فلاح کے لیے اپنا کردار ادا کرنے کی ترغیب دی جائے۔انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ محراب و منبر کو دینی تعلیم و تبلیغ کے ساتھ معاشرتی اصلاح،اخلاقی تطہیر،اتحادِ امت، قومی یکجہتی، ادارہ جاتی شفافیت اور عوامی خدمت کے فروغ کا مضبوط ذریعہ بنایا جائے گا تاکہ محکمہ اوقاف اپنی دینی،انتظامی اور سماجی ذمہ داریوں کو مزید احسن،موثر اور نتیجہ خیز انداز میں انجام دے سکے۔







