واشنگٹن ۔ 9 فروری (اے پی پی) وزیر داخلہ احسن اقبال نے پاکستان اور امریکا کے درمیان منصوبہ بندی سے مذاکرات کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ دونوں ممالک کو سلامتی کے حوالے سے ایک دوسرے کے جائز تحفظات کا ادراک کرنا چاہیے اور دہشت گردی کو شکست اور افغانستان میں استحکام کے مشترکہ اہداف حاصل کرنے کےلئے ایک دوسرے سے تعاون کرنا چاہیے۔ وہ اپنے دورہ امریکا کے دوران وائٹ ہاﺅس میں دعائیہ ناشتے کی سالانہ تقریب کے موقع پر پاکستانی صحافیوں سے گفتگو کر رہے تھے۔ تقریب میں دیگر کے علاوہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ بھی شریک تھے۔ وزیر داخلہ نے اس موقع پر امریکی کانگریس کے ارکان، صحافیوں اور امریکا میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کے رہنماﺅں سے ملاقاتیںکیں اور انہیں پاک امریکا تعلقات اور پاکستانی معیشت کی موجودہ صورتحال سے آگاہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور امریکا کے تعاون کی طویل تاریخ ہے اور اس تعاون سے دونوں ملکوں کو فائدہ پہنچا ہے، پاکستان امریکا کے ساتھ باہم احترام کی بنیاد پر مضبوط تعلقات کا خواہاں ہے، اس معاملے پر کھلی بحث کی ضرورت ہے، دونوں ملکوں کو ایک دوسرے کی ضرورت ہے اور انہیں سلامتی کے حوالے سے ایک دوسرے کے جائز تحفظات کا ادراک کرنا چاہیے، باہمی تعلقات کی بنیاد وقار اور باہمی احترام پر ہونی چاہیے کیونکہ دباﺅ کے ہتھکنڈے استعمال کرکے کچھ حاصل نہیں کیا جاسکتا۔