وفاقی وزیر داخلہ احسن اقبال کا بی بی سی کو دیئے گئے انٹرویومیں اظہارخیال

73

اسلام آباد ۔ 9 فروری (اے پی پی) وفاقی وزیر داخلہ احسن اقبال نے کہا ہے کہ پاکستان امریکا سے امداد نہیں بلکہ دہشت گردوں کے خلاف دی گئی اپنی قربانیوں کا اعتراف چاہتا ہے۔ بی بی سی کو اپنے انٹرویو میں انہوں نے کہاکہ ڈونلڈ ٹرمپ کا پاکستان مخالف ٹویٹ غیر شائستہ تھا لیکن اسلام آباد نے اس کا بڑا نپا تلا جواب دیا ہے۔ ہماری حکومت اب بھی سمجھتی ہے کہ افغانستان میں امن لانے کے لئے پاکستان اور امریکا کا تعاون بہت اہم ہے ۔ قبل ازیں واشنگٹن پوسٹ کو اپنے انٹرویو میں احسن اقبال نے کہاکہ افغان مسئلہ کاحل پاکستان اور امریکا کے درمیان قریبی تعاون کے بغیر ممکن نہیں ہے ۔وزیر داخلہ نے کہاکہ پاکستان ایسی قوم ہے جس نے اس عزت اور وقار کے لئے آزادی حاصل کی اور اس پر کبھی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ یہ بات امریکی وزیر خارجہ اور امریکی وزیر دفاع کے اکتوبر میں پاکستان کے دوروں میں واضح کردی گئی تھی۔ انہوں نے کہاکہ ہم نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں بڑی قربانیاں دی ہیں ۔ ہمیں ڈالر نہیں چاہیے بلکہ ہم اپنی قربانیوں کا اعتراف چاہتے ہیں۔