اسلام آباد ۔ 13 فروری (اے پی پی) وفاقی وزیر برائے ہاﺅسنگ اینڈ ورکس محمد اکرم خان درانی نے کہا ہے کہ بنوں ایئرپورٹ کی اپ گریڈیشن کے منصوبہ سے بنوں کے عوام کو جدید سہولیات کی فراہمی ہو گی اور ان کےلئے روزگار اور ترقی کے نئے امکانات پیداہوں گے۔ وفاقی وزیر محمد اکرم خان درانی نے بنوں ایئرپورٹ کی اپ گریڈیشن کے منصوبہ کےلئے 715 ملین روپے کے فنڈز کی منظوری پر وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کا شکریہ ادا کیا۔ سینٹرل ڈویلپمنٹ ورکنگ پارٹی نے اے 320اور بوائنگ 737جہازوں کے آپریشن کےلئے بنوں ایئرپورٹ کی توسیع اور اپ گریڈیشن کےلئے 715 ملین روپے جاری کرنے کی منظوری دی ہے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ مذکورہ بالا ایئرپورٹ کےلئے 715ملین روپے کا اجراءبنوں اور اس کے نواحی علاقوں کےلئے تحفہ ہو گا اور سامان کی ترسیل اور نقل وحمل کےلئے سی پیک کے تجارتی راستے کا تیز ترین ذریعہ بھی ہو گا۔