اسلام آباد ۔ 18 فروری (اے پی پی) پارلیمانی سیکرٹری برائے اطلاعات و نشریات چوہدری شہباز بابر نے کہا ہے کہ پارلیمنٹ ایک اعلیٰ ترین ادارہ ہے، ملک کے قوانین بنانے یا ان میں ترمیم کرنے میں اس کا اہم کردار ہے۔ اتوار کو پاکستان ٹیلی ویژن سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن 2018ءکے عام انتخابات جیتنے کے بعد آئین میں اصلاحات لائے گی جو ہمارے منشور کا حصہ بھی ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) نے بہت زیادہ قانون سازی کی ہے لیکن مختلف معاملات میں ابھی بھی قانون سازی کی سخت ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ عدلیہ ملک میں آزادانہ طور پر کام کر رہی ہے اور پاکستان مسلم لیگ (ن) نے اس کی آزادی کے لیے بہت جدوجہد کی ہے۔