وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کی ” ہیڈ سٹارٹ سکول“ کے طالب علموں کے وفد سے گفتگو

85
APP61-21 ISLAMABAD: February 21 - Students from Headstart School in a group photo with Prime Minister Shahid Khaqan Abbasi at Prime Minister's Office. APP

اسلام آباد ۔ 21 فروری (اے پی پی) وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے عوام سے کئے گئے اپنے وعدے پورے کئے ہیں، حکومت معاشرے کے کمزور طبقات کے تحفظ کےلئے قانونی اقدامات سمیت تمام تر اقدامات اٹھا رہی ہے۔ انہوں نے یہ بات” ہیڈ سٹارٹ سکول“ کے طالب علموں کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہی جس نے بدھ کو وزیراعظم آفس میں ان سے ملاقات کی۔ یہ ملاقات نوجوان رہنماﺅں اور مختلف سرکاری و نجی اداروں کے طالب علموں کو وزیراعظم آفس مدعو کرنے اور حکومت کے اعلیٰ ترین آفس کے امور کار کے بارے میں آگاہی فراہم کرنے کے سلسلے میں اقدام کا حصہ تھی۔ وزیراعظم نے طالب علموں کے ساتھ بلا تکلف گفتگو کی جنہوں نے سیاسی مسائل سے لے کر خارجہ پالیسی امور اور اقتصادی معاملات سے لے کر مختلف سماجی مسائل کے بارے میں مختلف سوالات کئے۔ سی پیک منصوبے کے بارے میں سوال کا جواب دیتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ سی پیک کا منصوبہ اپنے مواصلاتی ڈھانچے اور صنعتی ترقی کے ساتھ نہ صرف مغربی چین اور وسطی ایشیائی ریاستوں سمیت پورے خطے کو مواصلاتی رابطہ فراہم کرے گا بلکہ ملک کے عوام کےلئے بھی بے شمار اقتصادی اور روزگار کے مواقع پیدا کرے گا۔