وفاقی وزیر رانا تنویر حسین کا ایچ سی سی میں چھٹے اعلیٰ ریسرچ ایوارڈز کی تقریب سے خطاب

53
ہائر ایجوکیشن کا ترقیاتی بجٹ 91ارب سے بڑھا کر 110 ارب کر دیا ۔ رانا تنویر حسین

اسلام آباد ۔ یکم مارچ (اے پی پی) وزیر برائے سائنس اینڈ ٹیکنالوجی رانا تنویر حسین نے کہا ہے کہ معاشرے کے مسائل کو حل کرنے اور انسانی زندگی کو آسان بنا نے سے متعلق تحقیق کو فروغ دینے کی ضرورت ہے ، سسٹم کو بہتر بنانے پر کام کیا جائے، ہماری حکومت نے اعلیٰ تعلیم کی اہمیت کو سمجھتے ہوئے بجٹ میں تین گنا اضافہ کیا۔ وہ جمعرات کو ہائر ایجویشن کمیشن میں منعقدہ چھٹے اعلیٰ ریسرچ ایوارڈز کی تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔ تقریب میں مختلف جامعات کے 52 اساتذہ اور محققین میں انعامات تقسیم کئے۔ وفاقی وزیر برائے سائنس اینڈ ٹیکنالوجی رانا تنویر حسین مہمان خصوصی تھے جبکہ چیئرمین ہائر ایجوکیشن کمیشن ڈاکٹر مختار احمد، ایگزیکٹو ڈائریکٹر ڈاکٹر ارشد علی، ڈاکٹرمحمد لطیف ایڈوائزر ریسرچ اینڈ ڈویلپمنٹ ہائر ایجوکیشن کمیشن، وائس چانسلرز کی بڑی تعداد اور اساتذہ نے بھی تقریب میں شرکت کی۔ وفاقی وزیر برائے سائنس اینڈ ٹیکنالوجی رانا تنویر حسین نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حکومت پاکستان کی ترجیح تعلیم کا فروغ ہے یہی وجہ ہے کہ حکومت نے اعلی تعلیم کے بجٹ میں خاطر خواہ اضافہ کیا ہے۔ وفاقی وزیر نے ہائر ایجوکیشن کمیشن کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ اس ادارے نے اعلیٰ تعلیم، تحقیق اور پبلیکیشنز کے معیار کو بہتر کرنے میں کوئی کسر اٹھا نہیں رکھی، یہی وجہ ہے کہ اس کے بہترین ثمرات ہمارے سامنے آرہے ہیں۔