
گوادر۔ 04 مارچ (اے پی پی)چیف آف آرمی سٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ نے گوادر میں پینے کے صاف پانی کے منصوبے کا سنگ بنیاد رکھ دیا۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر )کے مطابق گوادر میں پینے کے پانی کا منصوبہ متحدہ عرب عمارات اور سوٹزرلینڈ حکومت کے تعاون سے قائم کیا جا رہا ہے۔ پلانٹ سے ابتدائی بنیادوں پر 44 لاکھ گیلن پانی یومیہ فراہم کیا جائے گا، تاہم یہ پلانٹ 88 لاکھ گیلن تک یومیہ پانی فراہم کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ پانی صاف کرنے والا یہ منصوبہ 6 سے 8 ماہ میں مکمل ہو گا، جس سے گوادر کے مقامی افراد سمیت مضافاتی علاقوں میں پینے کے پانی کی قلت دور ہو گی۔ چیف آف آرمی سٹاف نے کہا کہ بلوچستان کی ترقی پاکستان کی ترقی ہے پاک فوج بلوچستان کی سماجی و اقتصادی ترقی میں بھرپورتعاون کرے گی۔