وفاقی وزیر دانیال عزیز اور وزیر مملکت ڈاکٹر طارق فضل چوہدری کا پریس کانفرنس سے خطاب

99
APP79-07 ISLAMABAD: March 07 - Federal Minister for Privatisation, Daniyal Aziz along with Minister of State for CADD, Dr. Tariq Fazal Chaudhry jointly addressing a press conference. APP

اسلام آباد ۔ 7 مارچ (اے پی پی) مسلم لیگ (ن) کے رہنماﺅں نے کہا ہے کہ سابق وزیراعظم محمد نواز شریف پر قومی احتساب بیورو میں جو ریفرنس دائر ہوئے تھے 6 ماہ مکمل ہونے کے باوجود کسی قسم کا کوئی ثبوت نہیں ملا ہے، مزید 2 ماہ کی جو مدت لی گئی ہے اس میں کیا ہو گا، جب کوئی ثبوت نہ ملا تو صرف اقامہ کی بنیاد پر سابق وزیراعظم کو ہٹایا کیا گیا، نواز شریف نے جتنی پیشیاں بھگتی ہیںاس سے پہلے کسی وزیراعظم نے اتنی بار کسی بھی عدالت کا سامنا نہیں کیا، مریم نواز کے خلاف کیلیبری کے حوالہ سے ریفرنس دائر کیا گیا حالانکہ برطانوی فزانزک ایکسپرٹ اور گواہ ریڈلے نے اپنے بیان میں یہ کہا ہے کہ فونٹ 2005ءسے ڈاﺅن لوڈ کرکے استعمال میں لایا جا رہا ہے، مسلم لیگ (ن) نے سپریم کورٹ کے تمام حکم اور فیصلے مانے ہیں، ہم انصاف کے طلبگار ہیں اور اداروں کی ترقی چاہتے ہیں، جس جماعت نے اسلام آباد میں سو دن سے زائد کا دھرنا دیا اور سپریم کورٹ کے حکم کی خلاف ورزی کی اس کے خلاف کسی قسم کی کوئی کارروائی نہیں کی گئی۔ ان خیالات کا اظہار مسلم لیگ (ن) کے رہنما و وفاقی وزیر نجکاری دانیال عزیز اور وزیر مملکت برائے کیڈ ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ وزیر مملکت برائے کیڈ ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے کہا کہ سابق وزیراعظم نواز شریف کے خلاف قومی احتساب بیورو میں چار ریفرنسز دائر کئے گئے تھے اور سپریم کورٹ نے 6 ماہ کی مدت مقرر کرکے اس پر ایک نگران جج مقرر کیا تھا، 7 مارچ 2018ءکو 6 ماہ کی مدت مکمل ہونے کے باوجود کسی قسم کا کوئی ثبوت نہیں ملا ہے جبکہ اس میں مزید 2 ماہ کی توسیع کر دی گئی ہے، جو کام 6 ماہ میں نہیں ہوا وہ 2 ماہ میں کیا ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ جو ریفرنس دائر کئے گئے تھے ان کے خلاف اگر ٹھوس شواہد مل جاتے تو مزید ضمنی ریفرنسز دائر کرنے کی ضرورت کیوں پڑتی۔