چیئرمین سینیٹ میاں رضا ربانی کا ایوان بالا کے اجلاس میں الوداعی خطاب

66

اسلام آباد ۔ 9 مارچ (اے پی پی)چیئرمین سینیٹ میاں رضا ربانی نے کہا ہے کہ اداروں کے مابین ڈائیلاگ ہی آگے بڑھنے کا راستہ ہے، ہر ادارے کو اپنی آئینی حدود میں رہتے ہوئے کام کرنا چاہئے، اداروں کے مابین ڈائیلاگ کے حوالے سے میری رولنگ سینیٹ کی امانت ہے جو 12 مارچ کو اگر میں نے حلف لیا اور ایوان میں ہوا تو دستاویز کی صورت میں سینیٹ کے سامنے رکھوں گا۔ ہمیں اپنی غلطیوں اور کوتاہیوں کو بھی دیکھنا چاہئے۔ پارلیمان نے خود اپنی سپیس دی ہے کیونکہ پارلیمان کو توڑنے، معطل کرنے اور بحال کرنے کو قبول کیا گیا اور اس عرصہ میں منظور کئے گئے قوانین پر ٹھپے لگائے گئے۔ پارلیمان کی بالادستی کے لئے آئین کی دفعہ 89 کو ختم کرنا چاہئے جس کے تحت آرڈینینس جاری ہوتے ہیں، تمام قانون سازی پارلیمان کے ذریعے ہونی چاہئے۔ تمام سیاسی جماعتوں نے انتخابی اصلاحات کمیٹی میں سینیٹ کے ارکان کے انتخاب کے لئے بیلٹ پیپر پر رکن کا نام لکھنے کی تجویز مسترد کر دی۔