وفاقی وزیر داخلہ و پلاننگ کمیشن احسن اقبال کی پاکستان ٹیلی ویژن سے خصوصی گفتگو

اسلام آباد ۔ 24 مارچ (اے پی پی) وفاقی وزیر داخلہ و پلاننگ کمیشن احسن اقبال نے کہا ہے کہ یہ ایک غلط فہمی ہے کہ سی پیک میں صرف انفراسٹرکچر کے منصوبوں پر زور دیا جا رہا ہے بلکہ سی پیک ایک بہت جامع تصور ہے جس میں ہر نوعیت کے منصوبے ہیں، اس میں انفراسٹرکچر کے ساتھ توانائی بھی ہے، تعلیم بھی ہے جبکہ اس مین روزگار کے …

اسلام آباد ۔ 24 مارچ (اے پی پی) وفاقی وزیر داخلہ و پلاننگ کمیشن احسن اقبال نے کہا ہے کہ یہ ایک غلط فہمی ہے کہ سی پیک میں صرف انفراسٹرکچر کے منصوبوں پر زور دیا جا رہا ہے بلکہ سی پیک ایک بہت جامع تصور ہے جس میں ہر نوعیت کے منصوبے ہیں، اس میں انفراسٹرکچر کے ساتھ توانائی بھی ہے، تعلیم بھی ہے جبکہ اس مین روزگار کے بھی وسیع مواقع موجود ہیں کیونکہ اس میں جو صنعتی زون بن رہے ہیں، یہ پاکستان میں توانائی کے منصوبوں کے ساتھ مل کر روزگار کے مواقع پیدا کریں گے جس سے پاکستان کے نوجوانوں کو بہت فائدہ ہوگا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہفتہ کو پاکستان ٹیلی ویژن سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ اس کے علاوہ ہمارا جو لانگ ٹرم پروگرام ہے اس میں پاکستان سے غربت کے خاتمے اور پسماندہ علاقوں کی ترقی و خوشحالی کو بھی اس کے اہداف میں شامل کیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ زراعت جو کہ ہماری معیشت میں ریڑھ کی ہڈی ہے اسے جدید بنیادوں پر کھڑا کرنے کے لیے بھی اتفاق کیا گیا ہے جبکہ لوگوں کے آپس میں روابط کو بہتر بنانے کے لیے بھی موثرواہم اقدامات کیے جا رہے ہیں تاکہ لوگوں کا آپس میں ثقافتی سطح پر رابطہ ہو، آرٹس پر تبادلہ خیال ہو اور بالخصوص تعلیم کے شعبے میں بھی پاکستان اور چین دونوں ملکوں میں تعاون کو مذید آگے بڑھایا جائے گا۔