وزیراعظم کے مشیر سینیٹر مصدق ملک کی پارلیمنٹ ہاﺅس کے باہر میڈیا سے گفتگو

69

اسلام آباد ۔ 4 مئی (اے پی پی) وزیراعظم کے مشیر سینیٹر مصدق ملک نے کہا ہے کہ ملک کو نان انجینئرڈ طریقہ سے آگے بڑھنا چاہئے، 2013ءکے انتخابات میں کسی قسم کی دھاندلی نہیں ہوئی بلکہ عمران خان خود کسی ایمپائر کی انگلی کا انتظار اور جمہوریت جانے کی صورت میں مٹھائیاں بانٹنے کے احکامات دیتے رہے، جمہوری حکومت عوام کے سامنے جوابدہ ہوتی ہے، پاکستان کی سیاسی تاریخ غیر جمہوری اقدامات سے بھری پڑی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کو یہاں پارلیمنٹ ہاﺅس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ مصدق ملک نے کہا کہ پاکستان کی سیاسی تاریخ اٹھا کر دیکھ لیں بعض لوگوں کو جمہوریت بالکل نہیں بھاتی، وہ طبقے سمجھتے ہیں کہ عوام کے پاس اپنے نمائندے منتخب کرنے اور اپنے ووٹ کی طاقت سے ان کا احتساب کرنے کا حق کیوں ہے، وہ جمہوریت نہیں بلکہ ایلیٹ ازم کو فروغ دینا چاہتے ہیں۔