
پسرور۔5 مئی(اے پی پی) وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ اگرعوام نے آئندہ عام انتخابات میں بہتر فیصلہ کیا تو مسلم لیگ(ن) اسی طرح مسائل حل کرے گی، فیصلے کا اختیارکسی اور کے پاس نہیں بلکہ عوام کے پاس ہی ہونا چاہئے، عوام کے منتخب نمائندوں کو پانچ سال حکومت کرنے کا اختیار ہونا چاہئے، موجودہ پانچ سال میں ہرحکومت کے پاس کسی نہ کسی صوبے میں اختیار تھا تاہم کام صرف مسلم لیگ(ن) اور نواز شریف نے کرکے دکھائے، ملک کی خودمختاری اورترقی کے کام عوام کے سامنے ہیں، مسلم لیگ(ن) کو کسی نکات کی ضرورت نہیںوہ اپنے ریکارڈپر کھڑی ہے۔ہفتہ کووزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے پسرورمیں سیالکوٹ پسرور روڈ کی توسیع کے منصوبے کا سنگ بنیاد رکھنے کے بعد خطاب کرتے ہوئے کہا کہ زاہد حامد کوہرمشکل وقت میں حکومت نے جو ذمہ داری سونپی وہ انہوں نے احسن طریق سے انجام دی اورکسی بھی سنجیدہ مسئلے پرانہی سے مشاورت کی گئی اور انہوں نے کبھی اس کام کو سرانجام دینے سے انکار نہیں کیا، پارلیمانی کمیٹی برائے انتخابی اصلاحات کی طرف سے بنائے گئے بل میں بھی ایک غلطی پر جو کہ زاہد حامد کی نہیں تھی تاہم انہوں نے اخلاقی ذمہ داری کا ثبوت دیتے ہوئے وزارت سے استعفیٰ دے دیا یہی سیاست اورشرافت کی سیاست کا معیار ہے ، ان کے اوپر کوئی دباﺅ نہیں تھا، انہوں نے خود رضارکارانہ طور پر استعفیٰ دینے کی پیش کش کی یہ خدمت کی سیاست کا معیار ہے اور اس پر ان کے حلقے کے لوگ مبارکباد کے مستحق ہیں جنہوں نے ایسا نمائندہ منتخب کیا۔ وزیراعظم نے کہا کہ جس ملک میں سیاستدان کی عزت نہیں ہوگی وہ ملک ترقی نہیں کرسکتا جتنی عزت کسی جج ، جرنیل کی ہے اتنی ہی سیاست دان کی بھی ہے، ملک کے معاملات اورمسائل کا حل بالآخر سیاستدانوں کے ذریعہ ہی ہوتا ہے۔