تمباکو کی برآمدات میں جاری مالی سال کے پہلے چھ ماہ کے دوران 42.85فیصد اضافہ

ادارہ برائے شماریات

اسلام آباد۔7فروری (اے پی پی):تمباکو کی برآمدات میں جاری مالی سال کے پہلے چھ ماہ کے دوران 42.85فیصد اضافہ ہوا ہے۔ ادارہ برائے شماریات پاکستان کے اعدادوشمار کے مطابق رواں مالی سال میں برآمدات کا حجم 21ہزار 159ڈالر تک بڑھ گیا جبکہ گزشتہ مالی سال میں جولائی تا دسمبرکے دوران تمباکو کی برآمدات کا حجم 14ہزار112ڈالر ریکارڈ کیا گیا تھا۔ اس طرح گزشتہ مالی سال کے مقابلہ میں رواں مالی سال کی پہلی ششماہی کے دوران برآمدات میں 6047ڈالر یعنی 42.85فیصد اضافہ ہے۔ پی بی ایس کے مطابق اس دوران مصالحہ جات کی برآمدات بھی 4.55فیصد بڑھ گئیں اور جولائی تا دسمبر 2020 کے دوران برآمدات سے 41ہزار71ڈالر کا زرمبادلہ کمایا گیا ہے جبکہ گزشتہ مالی سال میں جولائی تا دسمبرکے دوران مصالحہ جات کی ملکی برآمدات کا حجم 39ہزار284ڈالر رہا تھا۔ ادارہ برائے شماریات پاکستان کی رپورٹ کے مطابق گزشتہ مالی سال کے مقابلہ میں رواں مالی سال کے دوران گوشت اور اسکی مصنوعات کی برآمدات میں 4.12فیصد اضافہ ہوا ہے۔ رپورٹ کے مطابق گزشتہ مالی سال میں جولائی تا دسمبرکے دوران برآمدات کا حجم ایک لاکھ 55ہزار 780ڈالر رہا تھا تاہم جاری مالی سال میں جولائی تا دسمبر کے دوران گوشت اور اس کی مصنوعات کی قومی برآمدات کا حجم ایک لاکھ 62ہزار 205ڈالر ڈالر تک بڑھ گیا ۔