سپین میں کام کرنے والے پاکستانیوں کی ترسیلات زرمیں نو ماہ کے دوران 14.9 فیصداضافہ ہوا، سٹیٹ بینک

74
State Bank

اسلام آباد۔4مئی (اے پی پی):سپین میں کام کرنے والے پاکستانیوں کی ترسیلات زرمیں جاری مالی سال کی پہلی تین سہ ماہیوں میں گزشتہ مالی سال کے مقابلہ میں 14.9 فیصداضافہ ہواہے۔سٹیٹ بینک کے اعدادوشمارکے مطابق جولائی 2020 سے لیکرمارچ 2021 تک کی مدت میں سپین میں کام کرنے والے پاکستانی محنت کشوں نے 288.7 ملین ڈالرکازرمبادلہ ملک ارسال کیا، جو گزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے مقابلہ میں 14.9 فیصدزیادہ ہے۔گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں سپین میں کام کرنے والے پاکستانیوں نے 251.3 ملین ڈالر کا زرمبادلہ ملک ارسال کیاتھا۔

اعدادوشمارکے مطابق مارچ میں سپین میں کام کرنے والے پاکستانیوں نے 33.7 ملین ڈالرکازرمبادلہ ملک ارسال کیا، گزشتہ سال مارچ میں سپین میں کام کرنے والے پاکستانیوں کی ترسیلات زرکاحجم 20.8 ملین ڈالر ریکارڈ کیا گیا تھا ،۔ ماہانہ بنیادون پرسپین سے ترسیلات زرکے حجم میں اضافہ کی شرح 62 فیصد ریکارڈکی گئی ہے۔موجودہ حکومت کی جانب سے قانونی اوربینکنگ زرائع سے ترسیلات زرکی حوصلہ افزائی کیلئے اقدامات اورسہولیات کی فراہمی کی وجہ سے سمندرپارپاکستانیوں کی ترسیلات میں مسلسل اضافہ ہورہاہے، جاری مالی سال کی تین سہ ماہیوں میں سمندرپارپاکستانیوں کی ترسیلات زرمیں گزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے مقابلہ میں 26.2 فیصدکااضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔