غیر ملکیوں کو ادائیگیوں پر ٹیکس محصولات میں نو ماہ کے دوران 66فیصد اضافہ ہوا، ایف بی آر

اسلام آباد۔5مئی (اے پی پی):جاری مالی سال میں غیر ملکیوں کو کی جانے والی ادائیگیوں پر ٹیکس محصولات 66فیصد بڑھ گئے۔ فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کی رپورٹ کے مطابق جولائی تا مارچ 21۔ 2020 غیر ملکیوں کو کی جانے والی ادائیگیوں پر ٹیکس وصولیاں 3.62 ارب روپے تک بڑھ گئیں جبکہ گزشتہ مالی سال کے اسی عرصہ کے دوران اس مد میں ٹیکس محصولات کا حجم 2.18 ارب روپے رہا تھا۔

اس طرح گزشتہ مالی سال کے مقابلہ میں رواں مالی سال کے پہلے 9 ماہ میں غیر ملکی افراد کو کی جانے والی مختلف ادائیگیوں پر ٹیکس وصولیوں میں 1.44 ارب روپے یعنی 66فیصد کا نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ مارچ 2020 کے مقابلہ میں مارچ 2021 کے دوران غیر مقیم افراد کو کی جانے والی ادائیگیوں پر ٹیکس محصولات میں 170 فیصد اضافہ سے مارچ 2020 کی 223 ملین روپے ٹیکس وصولی کے مقابلہ میں مارچ 2021 کے دوران ٹیکس محصولات 605 ملین روپے تک بڑھ گئے۔