قرضوں کے حصول کے طریقہ کار میں آسانی سے قرضے کے خواہشمند درخواست دہندگان کو سہولت حاصل ہوگی،سٹیٹ بینک

قرضوں کے حصول کے طریقہ کار میں آسانی سے قرضے کے خواہشمند درخواست دہندگان کو سہولت حاصل ہوگی،سٹیٹ بینک

اسلام آباد۔18فروری (اے پی پی):سٹیٹ بینک آف پاکستان (ایس بی پی) کی جانب سے حکومت کی سبسڈی سکیم کے تحت گھروں کی تعمیر کے لیے قرضوں کے حصول کے طریقہ کار میں آسانی کے اقدامات سے قرضے حاصل کرنے کے خواہشمند درخواست دہندگان کو سہولت حاصل ہوگی۔ اس وقت ہاؤسنگ فنانس اور بالخصوص سستے گھر تعمیر کرنے کے خواہشمند درخواست دہندگان کو مشکلات کا سامنا تھا کیونکہ نامکمل گھروں یا کاغذات پر قرضہ کی فراہمی پر ہچکچاہٹ کا شکار تھے۔ واضح رہے کہ گھر کی تعمیر اور مورٹگیج کی تکمیل کے لیے وقت درکار ہوتا ہے۔ اس مسئلہ کو ختم کرنے اور قرضوں کی فراہمی،حصول میں آسانی (بینکو اور درخواست دہندگان) اور سہولت کے لیے سٹیٹ بینک آف پاکستان نے تھرڈ پارٹی گارنٹی قبول کرنے کی اجازت دی ہے جس کا دورانیہ زیادہ سے زیادہ ایک سال تک ہوگا۔ کم خرچ ہاؤسنگ فنانس کے دائرہ کار میں توسیع اور بینکوں کی سہولت کے لیے ایس بی پی نے گھر کی تعمیر اور مورٹگیج کی تکمیل تک ایک سال کے عرصہ کے لیے تیسرے فریق کی ذاتی ضمانت کو قبول کرنے کی اجازت دے دی ہے۔ یہ ضمانت ایک سال کے عرصہ کے لیے ہوگی تاکہ گھر کی تعمیر اور اس کو رہن رکھنے کی کارروائی کو مکمل کیا جا سکے۔ مرکزی بینک کے اس اقدام سے قابل استعداد قرض خواہوں کو سٹیٹ بینک آف پاکستان کی جانب سے 12 اکتوبر 2020 کو شروع کی گئی حکومت کی سستے گھروں کی تعمیر کے لیے رعایتی شرح پر قرضے حاصل کرنے میں سہولت ہوگی جبکہ قرضہ کے اجرا کے حوالہ سے بینکوں کے خدشات کے خاتمہ میں بھی مدد ملے گی۔