پنجاب ریونیو اتھارٹی کی خدمات پر سیلز ٹیکس وصولیوں میں 35.4 فیصد اضافہ

94

اسلام آباد۔7اپریل (اے پی پی):پنجاب ریونیو اتھارٹی (پی آر اے) کی خدمات پر سیلز ٹیکس وصولیوں میں رواں مالی سال کے دوران 35.4 فیصد اضافہ ہوا ہے۔ پی آر اے کے اعدادوشمار کے مطابق جاری مالی سال کے پہلے 8مہینوں میں جولائی تا فروری21 ۔ 2020 کے دوران پنجاب ریونیو اتھارٹی نے خدمات پر سیلز ٹیکس کی مد میں 93.2 ارب روپے وصول کیے ہیں جبکہ گزشتہ مالی سال میں جولائی تا فروری 20۔2019 کے دوران اس مد میں 68.8 ارب روپے کی ٹیکس وصولیاں کی گئی تھیں۔

اس طرح گزشتہ مالی سال کے مقابلہ میں رواں مالی سال کے ابتدائی 8 ماہ میں پی آر اے کی خدمات پر سیلز ٹیکس وصولیوں میں 24.4 ارب روپے یعنی 35 فیصد سے زیادہ کا نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ واضح رہے کہ کووڈ۔ 19 کی وبا اور وائرس کے معاشی اثرات کے خاتمہ کے لیے کاروباری شعبہ کی معاونت کے مختلف اقدامات کے باوجود خدمات پر سیلز ٹیکس محصولات میں اضافہ حوصلہ افزا ہے۔