موبائل فون بینکنگ صارفین کی تعداد میں تین ماہ کے دوران 20 لاکھ 20 ہزار کا اضافہ ہوا ، سٹیٹ بینک

State Bank of Pakistan
State Bank of Pakistan

اسلام آباد۔16اپریل (اے پی پی):گزشتہ مالی سال کی دوسری سہ ماہی کے مقابلہ میں رواں مالی سال کے اسی عرصہ کے دوران موبائل فون بینکنگ صارفین کی تعداد میں 2.02 ملین اضافہ ہوا ہے۔

سٹیٹ بینک آف پاکستان (ایس بی پی) کی رپورٹ کے مطابق رواں مالی سال کی دوسری سہ ماہی میں اکتوبر تا دسمبر 2020 کے دوران صارفین کی تعداد 9.38 ملین تک بڑھ گئی جبکہ گزشتہ مالی سال کی دوسری سہ ماہی کے اختتام پر 7.36 ملین صارفین موبائل فون بینکاری سے مستفید ہو رہے تھے ۔

گزشتہ مالی سال کی تیسری سہ ماہی میں جنوری تا مارچ 2021 میں یہ تعداد 8.19 ملین تک بڑھ گئی جبکہ آخری سہ ماہی اپریل تا جون 2021 کے اختتام پر موبائل فون بینکنگ صارفین کی تعداد 8.45 ملین تک پہنچ گئی۔

ایس بی پی کے مطابق جاری مالی سال کی پہلی سہ ماہی (جولائی تا ستمبر 2021) کے اختتام پر موبائل بینکنگ کی خدمات سے استفادہ کرنے والے صارفین کی تعداد 8.96 ملین تک بڑھ گئی جبکہ دوسری سہ ماہی (اکتوبر تا دسمبر 2021) کے اختتام تک موبائل فون بینکنگ صارفین کی تعداد 9.38 ملین تک بڑھ گئی۔

اس طرح گزشتہ مالی سال کے مقابلہ میں رواں مالی سال کی دوسری سہ ماہی کے اختتام پر موبائل فون بینکاری کے صارفین کی تعداد میں 20 لاکھ سے زیادہ اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔