ویلیو ایڈڈ مصنوعات کی برآمدات پر خصوصی توجہ درکار ہے، چین کو زیادہ تر خام مال برآمد کیاجاتا ہے، حکام پاکستانی سفارتخانہ

چین اور پاکستان کی کمپنیاں تجارت میں تعاون کو فروغ دیں گی، چا چی جیانگ

اسلام آباد۔15جنوری (اے پی پی):ویلیو ایڈڈ مصنوعات کی برآمدات پر خصوصی توجہ درکار ہے، چین کو زیادہ تر خام مال برآمد کیاجاتا ہے، زرمبادلہ کے حصول میں اضافہ کے لئے برآمدی شعبہ ویلیو ایڈڈ مصنوعات تیار کرے۔ شنگھائی میں پاکستانی سفارتخانے کے حکام نے کہا ہے کہ گزشتہ سال 20 ۔2019 کے دوران پاکستان نے چین کو 551.2 ملین ڈالر مالیت کا خام تانبا وغیرہ 351.95 ملین ڈالر کا سوتی دھاگہ و سوتی کپڑا برآمد کیا۔ سوتی دھاگہ ، سوتی کپڑا اور تانبا وغیرہ کے خام مال کی برآمدات پاکستان کی چار بڑی برآمدی مصنوعات میں شامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ 2019 کے دوران نٹڈ اور وون ملبوسات کی ویلیو ایڈڈ برآمدات 47.49 ملین ڈالر اور 31.38 ملین ڈالر رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ چین کے ژینگ زی ریورڈیلٹا (وائی آر ڈی) میں شامل چار صوبے چین کی مجموعی قومی پیداوار (جی ڈی پی) میں بڑے شراکت دار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی برآمدات کنندگان وائی آر ڈی کی بڑی اور پرکشش مارکیٹ پر توجہ دیں جس کے لئے انہیں ویلیو ایڈڈ مصنوعات کی تیاری پر توجہ دینی چاہیے تاکہ خام مال کی بجائے ویلیو ایڈڈ مصنوعات کی برآمدات کو بڑھا کر قیمتی زرمبادلہ کمایا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت وائی آر ڈی برآمد کنندگان کی خصوصی توجہ کا مرکز بنا ہوا ہے اور دنیا بھر کے برآمد کنندگان اس بڑی مارکیٹ میں گہری دلچسپی کامظاہرہ کر رہے ہیں۔ سفارتی حکام نے پاکستانی برآمد کنندگان پر زور دیا کہ وائی آر ڈی کی پرکشش مارکیٹ سے استفادہ کے اقدامات کئے جائیں ورنہ دیگر ممالک ایک بڑی منڈی میں اپنے پائوں جما لیں گے۔