ٹیکس گوشوارے جمع کروانے کی شرح ٹیکس سال 2020ء میں 11.4فیصد بڑھ گئی،ایف بی آر

چیئرمین ایف بی آر

اسلام آباد۔6جون (اے پی پی):ٹیکس گوشوارے جمع کروانے کی شرح ٹیکس سال 2020ء میں 11.4فیصد بڑھ گئی۔ فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کے غیر حتمی اعدادوشمار کے مطابق اس دوران گوشواروں کے ساتھ ٹیکس محصولات میں 55فیصد بڑھوتری ہوئی ہے ۔ رپورٹ کے مطابق ٹیکس سال 2019ء کے دوران 2.63ملین ٹیکس گوشوارے جمع کرائے گئے تھے جبکہ ٹیکس سال 2020میں 2.93ملین ٹیکس گوشوارے جمع کرائے گئے ہیں۔

اس طرح ٹیکس سال 2019ء کے مقابلہ میں ٹیکس سال 2020کے دوران ٹیکس گوشوارے جمع کرانے کی شرح میں 11فیصد سے زیادہ یعنی 0.3ملین کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ رپورٹ کے مطابق ٹیکس سال 2020میں ٹیکس گوشواروں کے ساتھ 52ارب روپے کی ٹیکس ادائیگیاں بھی کی گئی ہیں جبکہ ٹیکس سال 2019ء کے دوران اس میں 34ارب روپے کی ٹیکس وصولیاں ہوئی تھیں۔

اس طرح ٹیکس ال 2019ء کے مقابلہ میں ٹیکس سال 2020ء کے دوران ٹیکس گوشواروں کے ساتھ ٹیکس محصولات میں 18ارب ر وپے یعنی 52فیصد کا نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔