سی ڈی اے نے بلڈنگ بائی لاز کی خلاف ورزی پرمتعدد کمرشل بلڈنگز کو سر بمہر کردیا

141
سی ڈی اے

اسلام آباد۔26ستمبر (اے پی پی): سی ڈی اے کی جانب جاری بیان کے مطابق اسلام آباد شہر کو تجاوزات اور غیر قانونی تعمیرات سے پاک رکھنے کے لئے چیئرمین سی ڈی اے کیپٹن (ر) انوار الحق کی ہدایت پر تیزی سے کارروائیاں عمل میں لائی جارہی ہیں اسی سلسلے میں بلڈنگ کنٹرول ڈئرایکٹوریٹ نے انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ کے ساتھ مل کر منگل کے روز ضلعی انتظامیہ اور اسلام آباد پولیس کی معاونت سے جی ٹی روڈ روات، ٹی چوک، سوہان اڈہ اور ملحقہ علا قوں میں بلڈنگ بائی لاز کی خلاف ورزی پر سخت ایکشن لیتے ہوئے متعدد کمرشل بلڈنگز کو بلڈنگ بائی لاز کی خلاف ورزی پر سر بمہر کردیا۔

بلڈنگ بائی لاز کی خلاف ورزی پر جی ٹی روڈ روات، ٹی چوک، سوہان اڈا اور گرد و نواح پر کارروائیاں عمل میں لاتے ہوئے 14 عمارات جو سی ڈی اے کی منظوری کے بغیر تعمیر کی جارہی تھیں کو سربمہر کرکے مالکان کو نوٹسز جاری کردئیے ہیں ۔

اسلام آباد کے مختلف علاقوں H-12، پوٹھوہار روڈ، کری روڈ، پارک روڈ کے علاوہ دیہی علاقوں جس میں بری امام ،سید پور ، راول ٹاون میں کارروائی عمل میں لاتے ہوئے غیر قانونی تعمیرات کو بھاری بھر مشینری کے ساتھ گرا کر عوامی راستوں اور گرین بیلٹ سے 8 ٹرک سامان ضبط کرلیا گیا۔اسلام آباد کو تجاوزات سے پاک شہر بنانے کے لئے انسداد تجاوزات مہم تسلسل کے ساتھ جاری رہے گی۔

واضح رہے کہ گزشتہ کئی ماہ سے وفاقی دارالحکومت میں سی ڈی اے ناجائز تجاوزات، غیر قانونی تعمیرات اور بلڈنگ بائی لاز کی خلاف ورزی پر آپریشن کرنے میں مصروف عمل ہے۔