حیدرآباد۔ 15 جون (اے پی پی):گورنر سندھ محمد کامران خان ٹیسوری نے کہا ہے کہ حکومت عوام کے مسائل حل کرنے کے لئے اقدامات کر رہی ہے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے حیدرآباد کے نجی ہوٹل میں سانحہ پریٹ آباد میں جاں بحق ہونے والے افراد کے ورثا اور زخمیوں کے خاندانوں کے لیے سماجی تنظیم جے ڈی سی اور علی شیخانی کی جانب سے امدادی چیک دینے کے لیے منعقدہ تقریب سے بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کرتےہوئے کیا۔
انہوں نے کہا کہ ان واقعات کی وجوہات پر جامع تحقیقات کرنے کی ضرورت ہے اور ایسے حادثات کے اسباب معلوم کرکے لوگوں کا تحفظ کیاجاسکتا ہے۔
گورنر سندھ نے سماجی کارکن علی شیخانی اور سماجی تنظیم جے ڈی سی کے سربراہ ظفر عباس کے مذکورہ اقدام کو سراہتے ہوئے کہا کہ ملک کے دیگرمخیر حضرات کو بھی چاہیے کہ وہ بھی آگے آئیں اور غریب عوام کی مدد کے لیے اپنا کردار اداکریں۔
اس موقع پرسماجی کارکن علی شیخانی اور جے ڈی سی کے سربراہ ظفر عباس اور ایم کیو ایم کے خالد مقبول صدیقی ، فاروق ستاراور دیگر نے بھی خطاب کیا ۔ تقریب میں کمشنر حیدرآباد احسن علی قریشی ، ڈپٹی کمشنر حیدرآباد زین العابدین میمن، ایس ایس پی حیدرآباد فرخ لنجار اور دیگر متعلقہ افسران بھی موجود تھے۔