امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو کی عراق میں پرتشدد کارروائیوں کی مذمت

57

واشنگٹن ۔ 10 اکتوبر (اے پی پی) امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو نے عراق میں پرتشدد کارروائیوں کی مذمت کی اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں کرنے والوں کو احتساب کے کٹہرے میں لانے پر زور دیا ہے۔ ذرائع ابلاغ کے مطابق انہوں نے کہا کہ جمہوری حکومتوں میں پرامن مظاہرے کرنا عوام کا بنیادی حق ہے لیکن مظاہروں میں تشدد کرنے کی کوئی گنجائش نہیں ہوتی۔ عراق میں ایک ہفتے سے جاری حکومت مخالف مظاہروں میں اب تک 100 سے زائد ہلاکتیں ہوچکی ہیں جبکہ چھ ہزار سے زیادہ افراد زخمی ہوئے ہیں۔ عراقی صدر برہام صالح نے گزشتہ روز ٹیلی ویڑن پر قوم سے خطاب کرتے ہوئے حکومت مخالف مظاہروں اور ذرائع ابلاغ پر حملوں کی مذمت کی تھی۔ حکومت مخالف مظاہروں کی وجہ بدعنوانی اور بے روزگاری میں اضافہ بتائی جاتی ہے لیکن اب سیاسی نظام کی مکمل اصلاح کا مطالبہ بھی فہرست میں شامل ہوگیا ہے۔صدر صالح نے کہا کہ عراق پہلے ہی تباہ حالی، خون خرابے اور دہشت گردی سے متاثر ہے۔ انہوں نے یہ تسلیم کیا کہ بغداد کے ’صدر سٹی‘ میں مظاہرین کے ساتھ ضرورت سے زیادہ سختی برتی گئی۔