برازیلیا ۔29نومبر (اے پی پی):برازیل میں گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورو نا وائرس سے 587 اموات کے بعدملک بھر میں اموات کی تعداد 172561ہوگئی ۔برازیل ذرائع ابلاغ کے مطابق وزارت صحت کے حکام نے میڈیا کو بتایا کہ ملک بھر میں کورونا وائرس سے متاثرہ افرادکی مجموعی تعداد 6290272سے تجاوز کر گئی ۔ حکام نے کہا کہ ماہ روان میں ملک کی 9ریاستوں میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد میں اضافہ ہوا ہے اور ملک کی سب سے زیادہ متاثرہ ریاست ساو پالومیں کورو نا وائرس کے باعث 42048افراد لقمہ اجل بن گئے۔یوروگوئے اور ارجنٹائن کی سرحد سے متصل ریاست ریو گرانڈے ڈو سل کے گورنر ایڈورڈو لائٹ نے کہا کہ اس خطے کو وبائی بیماری کی دوسری لہر کا سامنا ہے جہاں پر ہسپتالوں میں بستروں کی تعداد کم پڑ گئی۔برازیل امریکہ اور بھارت کے بعد کورونا وائرس سے شدید متاثرہ ممالک میں دنیا کا تیسرا ملک ہے۔