اقوام متحدہ کا جوہری ہتھیاروں پر پابندی کے معاہدے کا پہلا اجلاس جنوری میں ہو گا

United Nations

جینوا۔17اپریل (اے پی پی):اقوام متحدہ کا جوہری ہتھیاروں پر پابندی کے معاہدے کا پہلا اجلاس جنوری میں ہو گا۔ اقوام متحدہ کا کہنا ہے کہ جوہری ہتھیاروں پر پابندی کے معاہدے پر دستخط کرنے والے ملکوں کا پہلا اجلاس آئندہ سال ویانا میں 12 سے 14 جنوری تک ہو گا جبکہ جوہری ہتھیاروں پر پابندی کا معاہدہ 22 جنوری کو نافذ العمل ہو گیا تھاجس کے تحت جوہری ہتھیاروں کی ترقی، تیاری، انہیں اپنی ملکیت میں رکھنے اور استعمال کرنے کی بین الاقوامی قانون کے تحت ممانعت ہے۔

معاہدے میں کہا گیا ہے کہ اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل کو اسکے نافذ العمل ہونے کے ایک سال کے اندر اندر دستخط کرنے والوں کا اجلاس بلانا ہو گا۔54 ممالک اور خطہ جات اس معاہدے کی توثیق کر چکے ہیں۔ لیکن جوہری ہتھیاروں سے مسلح ممالک اور جاپان سمیت اپنے دفاع کے لیے دوسری طاقتوں کے جوہری اسلحے پر انحصار کرنے والے ممالک نے اس معاہدے میں شمولیت اختیار نہیں کی ہے۔